کتاب: مجموعہ رسائل گکھڑوی - صفحہ 104
کبھی وہ چہرہ مبارک پر ظاہر ہوتا ہوا حاضرین کو دکھائی دیتا۔ ایسا نبوت کا نور مخلوق اور حادث ہے۔ اس نور پر تو ہمارا اہلِ سنت کا ایمان ہے اور اس کا انکار کرنا کفر ہے۔ علاوہ ازیں ایک اور قسم کا نور بھی بیان کیا جاتا ہے، اس سے ہمیں سخت انکار ہے کہ اس کی سند میں ایک جھوٹی اور جعلی روایت کو پیش کیا جاتا ہے۔ علامہ محمد بن طاہر حنفی نے امام ابن تیمیہ رحمہ اللہ سے اس روایت کاموضوع ہونا ذکر کیا ہے۔ موضوع اس جھوٹی روایت کو کہتے ہیں جو کسی شخص نے اپنی طرف سے جھوٹ گھڑ کر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف نسبت کر دی ہو۔ اس کے الفاظ یہ ہیں : (( أَنَا مِنْ نُوْرِ اللّٰہِ وَالْمُؤْمِنُوْنَ مِنِّيْ)) (تذکرۃ الموضوعات، باب فضل الرسول) کوئی کذاب کہتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میں اللہ کے نور سے ہوں اور تمام مومن مجھ سے ہیں ۔‘‘ اگر یہ سچ ہے تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی پیدایش خدا کے نور سے ہوئی جو قدیم ہے، پس خدا کا اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا نور قدیم ہوا۔ جس سے عیسائی عقیدے کی طرح شرک لازم آیا، حالانکہ خدا کا نور قدیم اور غیر مخلوق ہے جس میں کسی مخلوق کو اسلامی عقیدے کے بموجب شرکت نہیں ہو سکتی۔ تمام مخلوق کے نور مخلوق اور حادث ہیں ۔ حادث اور قدیم میں عقلاً بھی ملاوٹ محال ہے۔ نیز یہ قرآن مجید کی مندرجہ ذیل آیت کے بھی سخت مخالف ہے۔ خدا فرماتا ہے: ﴿اَللّٰہُ الصَّمَدُ﴾ ’’خدا بے نیاز اور غیر محتاج ہے۔‘‘ صمد اس چیز کو کہتے ہیں جس میں کھوکھلا پن نہ ہو، نہ اس سے کچھ نکل سکے اور نہ کچھ داخل ہو سکے۔ اگر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا نور خدا سے نکلا تو اس صورت میں اس آیت کا کذب لازم آیا، حالانکہ یہ محال اور صریح کفر ہے۔ اس لیے ہمیں ایسے نور سے سخت انکار ہے۔ معلوم نہیں کہ روایت گھڑ کر نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف نسبت کرنے والا کون تھا۔ نیز نہ اس کی کوئی سند ہے۔ اس لیے حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے اقرار کیا کہ مجھے اس کی سند نہیں مل سکی۔ (باب مذکور) نیز یہ عقیدہ ہندوؤں اورعیسائیوں کے ساتھ ملتا جلتا ہے۔ ہندو اپنے اوتار کرشن جی کے متعلق اعقاد رکھتے ہیں کہ وہ درحقیقت ایشورپرماتما یعنی خدا ہی تھے جو انسان کا روپ دھار کر دنیا میں ظاہر ہو گئے۔ اسی طرح حضرت مسیح علیہ السلام کی نسبت عیسائیوں کا بھی ایسا ہی عقیدہ ہے کہ وہ خدا کا بیٹا ہے، جو نور مجسم ہو کر مسیح علیہ السلام کی صورت میں دنیا میں ظاہر ہوا۔ شاید یہ روایت بنانے والا درپردہ کوئی عیسائی مبلغ ہی ہو، جس نے مسلمانوں میں عیسائی عقیدہ پھیلا کر ان کو اسلامی توحید