کتاب: معیشت وتجارت کے اسلامی احکام - صفحہ 16
حلال وحرام کی وضاحت کردی ہے اور زہد حرام سے بچنے اور حلال میں رغبت رکھنے کا نام ہی تو ہے۔‘‘[1] یعنی زہد صرف شب وروز مصروف عبادت رہنے کا نام نہیں بلکہ حقیقی زہد یہ ہے کہ انسان اپنے اندر دین کی روح پیدا کرلے اور دین کے رنگ میں رنگ جائے۔اس کے لیے یہ نہایت ضروری ہے کہ خریدوفروخت اور لین دین کے معاملات میں حلال وحرام کا فرق ملحوظ رکھا جائے اور شریعت کے احکام کی ٹھیک ٹھاک پیروی کی جائے جو اس کے بغیر ممکن نہیں کہ انسان خریدوفروخت کے بارے میں شریعت کے احکام سے کماحقہ واقف ہو۔ اس کتاب کا مقصد بھی یہ ہے کہ عوام الناس اور کاروباری طبقہ کو دین قیم کی درخشاں اور پاکیزہ معاشی وتجارتی تعلیمات سے روشناس کرایا جائے تاکہ وہ اپنے خریدوفروخت کے معاملات ان کے مطابق انجام دے سکیں۔راقم نے اس کتاب کو حتی الامکان جامع، واضح اور قابل فہم بنانے کی کوشش کی ہے۔امید ہے قارئین کرام اسے مفید پائیں گے اور یہ معیشت وتجارت سے متعلق اسلامی احکام سمجھنے میں مدد گار ثابت ہوگی۔دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس حقیر کو شش کو اپنی بارگاہ میں شرف قبولیت سے نوازے اور ہم سب کو اپنے تجارتی اور کاروباری معاملات دینی احکام کی روشنی میں انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین یا رب العالمین۔ طالب دعا حافظ ذوالفقار علی ابوہریرہ شریعہ کالج کریم بلاک اقبال ٹاؤن لاہور
[1] ۔المبسوط للسرخسی انواع الربا۔