کتاب: مسلمان کو موت کے بعد فائدہ پہنچانے والے کام - صفحہ 17
2۔میت کو اس کے اعمال سے حاصل ہونے والے فوائد ٭ میت کے نیک اثرات اور صدقۂ جاریہ فرمانِ الٰہی ہے:﴿ وَ نَکْتُبُ مَاقَدَّمُوْا وَآثَارَہُمْ ﴾[یٰس ٓ:12] ترجمہ:’’اور جو کام انہوں نے کئے ہیں اور جو کچھ آثار انہوں نے پیچھے چھوڑے ہیں،وہ سب ہم لکھتے جارہے ہیں‘‘۔ امام ابن کثیر رحمہ اﷲ اس آیت کی تفسیر میں لکھتے ہیں:’’جو کام انہوں نے خود کئے ہیں اور جن کاموں کے اثرات انہوں نے اپنے پیچھے چھوڑے ہیں،وہ سب ہم لکھتے جارہے ہیں اور اسی پر ہم انہیں بدلہ دیں گے،اگر اچھے ہوں تو اچھا،اگر برے ہوں تو برا بدلہ دیا جائے گا‘‘۔ ٭ نیک اولاد کے اعمال ِ صالحہ نیک اولاد جو نیک اعمال کرتی ہے ان کے ثواب میں بغیر کسی کمی کے،ا ن کے والدین کو بھی انہی کے برابر ثواب دیا جائے گا،اس لئے کہ اولاد بھی والدین کی کوشش اور کمائی کا ایک حصہ ہیں،جیسا کہ اﷲ تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿ وَ اَنْ لَیْسَ لِلْاِنْسَانِ اِلاَّ مَا سَعٰی ﴾[النجم:39] ترجمہ:’’اور یہ کہ انسان کو صرف اسی کے عمل کا بدلہ ملے گا‘‘۔