کتاب: خطبات سرگودھا (سیرت نبوی ص کا عہد مکی) - صفحہ 195
سورتوں کے ساتھ کیا گیا اور خاص مکی آیات پر تحقیق کم کی گئی، خاص طور سے اس اعتبار سے کہ ان مکی سورتوں میں کیا کیا اسلامی وتشریعی احکام وقوانین ہیں؟ ان میں علوم و فنون سے کیا کیا جواہر ہیں اور کیا کیا عقل ودانش کے لعل وگہر ہیں؟ ان میں تاریخ وسیرت، دین وشریعت، علم ہندسہ، فلکیات، تخلیق انسانی، قصص الانبیاء واقوام اور فطرت انسانی کی کیا کیا بیش قیمت معلومات ہیں۔ یہ ایک خاص تحقیق کا موضوع ہے اور ایک دفتر عظیم اس کے لیے درکار ہے۔ (157)۔ یہاں اختصار کے ساتھ علوم فنون کے بعض حقائق پر نظر ڈالی جارہی ہے۔
دین وشریعت
قرآن مجید کی مکی سورتوں میں اسلام کے دین وشریعت کی بنیادی وضاحت کی گئی ہے۔ اسلام اللہ تعالیٰ کا پسندیدہ دین ہے۔ صرف وہی قابل قبول ہے کہ صرف وہی حق ہے، صرف وہی حق یوں ہے کہ وہی صرف اللہ تعالیٰ کا نازل کردہ ہے جو اس کے رسولوں کےذریعہ سے انسانوں تک پہنچا ہے۔ اخلاص ومحبت کے ساتھ اللہ تعالیٰ کو الٰہ واحد اور معبود حقیقی مان لینے اور اسی کی عبادت کرنے کا اصل طریقہ اختیار کرلینے کا نام اسلام ہے اور اس کے ماننے والوں کا نام مسلم ومسلمون/مسلمین ہے۔ اللہ تعالیٰ تک لے جانے کا یہی واحد طریقہ ہے جو تمام رسول لاتے رہے اور سب سے آخری رسول حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لائے ہیں۔ سورہ اعراف:158 میں وضاحت کردی گئی ہے کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام لوگوں کی طرف رسول بناکر بھیجا گیا ہے اور آخری رسول بھی جن کے بعد اور کوئی رسول قیامت تک نہیں آئے گا۔ انسانی زندگی کے تمام پہلوؤں اورمیدانوں کے اعمال واشغال کا احاطہ دین کرتاہے اور شریعت دراصل اسی دین پر چلنے کا نام ہے جو قانون اسلامی بھی ہے۔
عقائد وارکان اسلام
اسلام کے تمام عقائد وعبادات اورارکان واحکام جیسے توحید، رسالت