کتاب: خطبات سرگودھا (سیرت نبوی ص کا عہد مکی) - صفحہ 165
ہنر مند مزدور(Skilled Labour) مختلف پیشوں کے بیان میں ان کا ذکر بھی ملے گا اور ان کی مزدوری کی نوعیت کا بھی۔ تربیت یافتہ مزدوروں میں تمام حرفوں اور دستکاریوں سے وابستہ ہاتھ کی کمائی کھانے والے تھے اور تجارت وزراعت کے میدان سے وابستہ تھے۔ جیسے تجارت کے گماشتے اور قافلے والے، زراعت وباغبانی کے فن سے واقف مزدور، نجاری، زرگری، خیاطی وغیرہ سے واقف کار کاریگر، فوجی علوم وفنون اور تربیت سے وابستہ مشاغل(martial arts) میں خالص تربیت یافتہ استاد ہوتے تھے جیسے تلوار بازی، تیر اندازی، حربہ اندازی، گھوڑ سواری وغیرہ کے فنون کے ماہرین اور ان کے مدد گار معاونین، مکی عرب سماج میں ان کا بڑا مقام تھا فن تعمیر یا عمارت سازی سے وابستہ کاریگر اور ان کے مددگار بھی ہنر مند ہوتے تھے۔ دیواروں او رچھتوں کی تعمیر وغیرہ کے لیے ہنر مندی ضروری تھی۔ غیر تربیت یافتہ مزدور(unskilled labour) ایسے تمام مزدور واجیر بے ہنر ے ہوتے تھے۔ اور وہ مختلف کام اپنے ہاتھوں سے کرتے تھے(عمال ایدیہم)۔ وہ چاروں قسم کے اقتصادی مشاغل میں بطور محنت کش ومعاون کام کرتے تھے جیسے تجارت میں کاروانوں میں کام کرنے والے، زراعت میں زمین کی کھدائی، گڑائی اور دوسرے کام کے لوگ، حرفت اور صنعت میں وہ ہنرمندوں کے ماتحت اور مددگار ہوتے تھے۔ اور فن تعمیر وغیرہ میں وہ پتھر اینٹ، گارا اٹھانے والے اور درختوں کے تنے کاٹنے والے، کھیتوں کو سینچنے والے اورکنوؤں سے پانی لانے والے، گھریلو کام کے اجیر ومزدور عام طور سے خدمت وچاکری کرتے تھے، اور گھریلو نوکر ہوتے تھے۔ وہ سودا سلف لاتے، پانی فراہم کرتے، گھر کے دوسرے کام کرتے تھے۔ (131)۔