کتاب: خطبات حرمین(جلد2) - صفحہ 487
فرمانبردار عورتیں بنیں۔ شریعتِ الٰہیہ کے خلاف ایسے کپڑے پہننے سے گریز کریں جن سے زینت ظاہر ہوتی رہتی ہے یا پھر جو کافر عورتوں کے لباس کے مشابہ ہوتے ہیں، جو حیا کو ترک کرنے اور اظہارِ زینت کے عادی بنا دیتے ہیں۔ عید کا یہ سورج نکل آیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سچی مسکراہٹوں کے ساتھ آپ کے ہونٹ چمکنے چاہییں، صدق و صفائی کے ساتھ آپ کے دل چمکنے چاہییں، محبت و مودت کے ساتھ تمھارے نفس چمک اٹھنے چاہییں، اپنی دوستوں اور سہیلیوں کے ساتھ پیار و محبت کے تعلقات کی تجدید کرو، اقارب و رشتے داروں میں صلہ رحمی کرو اور تمام لوگوں سے ہر ممکن تعاون کرو۔ عید کے دن پیار ومحبت سے دل ایک دوسرے کے قریب آ جاتے ہیں، الفت و محبت پر جمع بھی ہوتے ہیں اور اچھے دلوں والے لوگ اپنے دلوں سے بغض و کینہ نکال پھینکتے ہیں۔ بچھڑ جانے کے بعد مل جاتے ہیں، اور تمام کدورتوں کو بھول کر وہ پیار و محبت سے صاف دل ہوجاتے ہیں۔ دوری کے بعد وہ باہم مصافحہ کرتے ہیں اور اجتماعی نماز، محبت و وفا اور بھائی چارگی کا ایک مضبوط ذریعہ ہے۔ سبحان ربک رب العزۃ عما یصفون، وسلام علی المرسلین، والحمد للّٰه رب العالمین۔