کتاب: خطبات حرمین(جلد2) - صفحہ 437
تیسرا خطبہ ماہ رمضان ... ایک سنہری موقع امام و خطيب: فضيلة الشيخ صلاح البدير حفظه اللّٰه حمد و ثنا کے بعد: نیکیوں کا موسم: مسلمانو! آپ ایک ایسے ماہ سے گزر رہے ہیں جس کا مقابلہ دوسرا کوئی مہینا نہیں کر سکتا۔ یہ ماہ انتہائی جلیل القدر ہے اور اس کی گھڑیاں اشرف و اعلیٰ ہیں۔ اس ماہ کے فضائل و برکات بے شمار اور اس کے محامد و محاسن لاتعداد ہیں۔ یہ ایسا موسم اور تجارت کا سیزن ہے جو تاجروں کو بے شمار منافع سے نواز جاتا ہے اور اس میں سرکشی و گناہ کرنے والے کی ہلاکت یقینی ہے۔ یہ مہینا ایسا ہے جس کی صرف ایک رات ہزار مہینے سے بھی افضل و اعلیٰ ہے۔ خوشخبری ہے اس مسلمان کے لیے جس نے اس ماہ کے روزے رکھے اور صبح و شام اپنے رب سے دعائیں کیں اور راتوں کو قیام کرنے کے ساتھ ساتھ خشوع و خضوع کے ساتھ ہر رات قیام اللیل کا اہتمام کیا۔ ایک بیش بہا غنیمت: مسلمانو! ماہِ رمضان کا نصف اول تو گزر بھی گیا ہے اور ہلالِ رمضان اب بدر کامل بن چکا ہے۔ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھالیں جو بادلوں کی سی تیزی کے ساتھ گزرا جا رہا ہے، اس بابِ رحمت کے بند ہونے سے پہلے پہلے اس کے اندر داخل ہوجائیں، جس قدر بھی ممکن ہوسکے ان اوقات کو غنیمت سمجھیں اور کثرت سے اللہ کا شکر ادا کریں جس نے تمھیں یہ موقع عطا فرمایا ہے، لہٰذا اس وقت کے ہاتھ سے نکل جانے سے پہلے اطاعت و عبادت کی بھر پور کوشش کریں، کیونکہ یہ گھڑیاں ختم ہونے والی اور یہ وقت گزر جانے والا ہے، اس کا جمال چھن جانے والا اور یہ معزز مہمان رخصت ہوجانے والا ہے۔ روزوں کا یہ مہینا منتقل ہونے والا ہے، اس کے بقیہ ایام میں حسنِ اعمال