کتاب: خطبات حرمین(جلد2) - صفحہ 34
(3) فضیلۃ الشیخ صلاح بن محمد البدیر حفظہ اللہ مختصر تعارف: فضیلۃ صلاح بن محمد البدیر حفظہ اللہ احساء کے قریب مدینہ ہفوف میں پیدا ہوئے اور وہیں پر اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کی، پھر جامعہ امام محمد بن سعود ریاض میں داخلہ لیا اور گریجویشن کی تکمیل کی اور اس کے بعد المعہد العالی للقضاء ریاض میں پڑھتے رہے۔ ۱۴۱۹ھ میں آپ مسجد نبوی مدینہ منورہ کے امام و خطیب اور عدالت کے جج مقرر ہوئے۔ آپ نے ۲۵۔۱۴۲۶ھ = ۰۵۔ ۲۰۰۶ء کو مسجد حرام مکہ مکرمہ میں بھی نمازِ تراویح کی امامت کروائی اور اب مستقل طور پر مسجد حرام مکہ مکرمہ ہی میں نمازِ تراویح کے امام ہیں۔ (4) فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر حسین بن عبد العزیز آل شیخ حفظہ اللہ نام و نسب اور حصولِ تعلیم: حسین بن عبدالعزیز بن حسن بن عبدالعزیز بن حسین آل شیخ۔ آپ کا تعلق شیخ الاسلام محمد بن عبد الوہاب رحمہ اللہ کے خاندان سے ہے۔ آپ نے ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد کلیۃ الشریعۃ ریاض سے گریجویشن کی اور المعہد العالی للقضاء سے ماسٹر کیا اور بعد ازاں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اساتذہ کرام: (1) فضیلۃ الشیخ فہد الحمید۔ (2) فضیلۃ الشیخ عبد اﷲ الجبرین۔ (3) فضیلۃ الشیخ عبدالعزیز الداوٗد۔