کتاب: خطبات حرمین(جلد2) - صفحہ 33
(2) فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبد الباری ثبیتی حفظہ اللہ نام و نسب: عبد الباری بن عواض بن علی الثبیتی۔ آپ مکہ مکرمہ میں ۱۳۸۰ھ = ۱۹۶۰ء کو پیدا ہوئے۔ ولادت اور ابتدائی تعلیم: آپ نے ابتدائی تعلیم مکہ مکرمہ کے مختلف مدارس میں حاصل کی۔ ۱۴۰۵ھ میں آپ نے جامعہ ملک عبد العزیز جدہ سے گریجویشن مکمل کی اور ۱۴۰۹ھ میں جامعہ ام القریٰ مکہ مکرمہ سے ڈپلومہ کیا، پھر اسی یونیورسٹی سے ۱۴۱۵ھ میں ماسٹر کیا اور بعد ازیں اسلامک یونیورسٹی مدینہ منورہ سے پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ خدمات اور مناصب: (1) ۱۳۹۷ھ میں آپ نے برطانیہ کے ایک اسلامک سنٹر میں نمازِ تراویح کی امامت کی اور ۱۳۹۹ھ میں مکہ مکرمہ میں منعقد ایک بین الاقوامی مقابلہ برائے حفظ و تجویدِ قرآن میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ (2) آپ ۱۴۱۰ھ میں مسجد حرام مکہ مکرمہ میں امام و خطیب مقرر ہوئے اور ۱۴۱۴ھ تک یہ ذمے داری نبھاتے رہے۔ (3) ۱۴۱۵ھ سے آپ نے مسجد نبوی میں امامت و خطابت کا آغاز کیا اور ۱۴۲۹ھ تک یہ خدمت انجام دیتے رہے، پھر کئی سال صحت کی ناسازگاری کی بنا پر اس عہدے سے سبکدوش ہوگئے اور پھر تندرست ہونے کے بعد اب تک مسجد نبوی مدینہ منورہ میں امامت و خطابت کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔