کتاب: خطبات حرمین(جلد1) - صفحہ 472
چوتھا خطبہ اہل باطل کی خوشامد کرنے کی مذمت امام و خطیب: فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر اُسامہ خیاط حفظہ اللہ خطبۂ مسنونہ اور حمد و ثنا کے بعد: اﷲ کے بندو! اﷲ تعالیٰ سے ڈرو کیونکہ اﷲ تعالیٰ سے ڈرنا عقلمندوں کا طریق ہے۔ یہی راستہ لغزش سے بچا سکتا، جنت کی نعمتوں کا وارث بنا سکتا اور آگ سے نجات دلا سکتا ہے۔ رزق کی قلت اور موت کا خوف: اہل اسلام! پستیوں کے دائرے میں اور کم ہمتی کی مختلف اقسام کے درمیان انسان کی زندگی میں دو شدید ترین متاثر کرنے والے معاملے رونما ہوتے ہیں جو اسے ان سطحوں تک لے جاتے ہیں جو اس کے لائق ہیں نہ اس کے مناسب بلکہ یہ اس عظیم مقام کے ساتھ بھی کوئی میل نہیں کھاتے جس پر اﷲ تعالیٰ نے انسان کو فائز کیا، اس کو عزت دی اور اپنی بہت ساری مخلوق پر اسے فضیلت بخشی۔ ان میں سے ایک رزق کم ہونے یا ختم ہونے کا خوف ہے اور دوسرا دنیا میں انسان کے مقرر وقت (عمر) کے ختم ہوجانے یا کم ہونے کا خوف ہے۔ دین میں اس کا حل: دین اسلام کے فضائل اور محاسن کی ایک جھلک یہ بھی ہے کہ یہ دین اس بیماری کا دقیق اور شافی علاج پیش کرتا ہے، تاکہ یہ خوف مسلمان پر حاوی ہو کر اسے ضعفِ یقین، محدود توکل اور نقصِ ایمان کے اثراتِ بد کے شکنجے میں نہ کس لے۔ اور وہ اس طرح کہ جب اﷲ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے دلوں میں اطمینان کی روح پھونکی اور ان دونوں خوفوں کو پیدا کرنے والے تمام اسباب ان سے دور کر دیے تو ان دونوں خوفوں کو اکیلے اپنے ہاتھ میں لے لیا اور اپنے سوا کسی کا بھی ان میں کوئی حصہ نہ رکھا، تاکہ اس کے بندے صرف اس کے ساتھ امید کی لو لگائیں، دل صرف اس کی طرف متوجہ ہوں، تاکہ وہ اپنی حاجتیں صرف اس کے حضور پیش کریں اور ان کو ایسا یقین نصیب ہوجائے جس کے ہوتے ہوئے وہ امن کے سائے میں زندگی