کتاب: خطبات حرمین(جلد1) - صفحہ 45
۲۔ ۱۳۸۵ھ میں مسجد حرام کے امام و خطیب منتخب ہوئے۔ ۳۔ ۱۴۱۱ھ میں الریاسۃ العامۃ لشؤون الحرمین کے رئیس متعین ہوئے۔ ۴۔ ۱۴۱۵ھ میں ہیئت کبار علماء اور عالمی فقہ اکیڈمی کے رکن منتخب ہوئے۔ مؤلفات: ۱۔ دیوان خطب المسجد الحرام۔ ۲۔ رسالۃ في بیان حق الراعي و الرعیۃ۔ ۳۔ حکم الاستعانۃ بغیر المسلمین في الجھاد۔ ۴۔ رسالۃ في حد السرقۃ۔ ۵۔ رسالۃ في حکم التجنس بجنسیۃ دولۃ غیر مسلمۃ۔ ۶۔ رسالۃ في الرد علی القادیانیۃ۔ (6) فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عمربن محمد السبیل رحمہ اللہ نام و نسب اور حصولِ تعلیم: عمر بن محمد بن عبداﷲ بن محمد بن عبدالعزیز السبیل۔ آپ نجد کے مشہور قبیلہ بنو زید سے تعلق رکھتے ہیں۔ آپ رمضان ۱۳۷۷ھ میں قصیم کے نزدیک بکیریہ شہر میں پیدا ہوئے۔ آپ نے اپنے والد محترم فضیلۃ الشیخ علامہ محمد السبیل رحمہ اللہ (امام و خطیب مسجد حرام) کے زیر سایہ پرورش پائی۔ آپ نے اپنی ابتدائی تعلیم کا آغاز مکہ مکرمہ سے کیا۔ پندرہ سال کی عمر میں حفظ قرآن مکمل کیا۔ بعد ازاں جامعہ امام محمد بن سعود ریاض سے ۱۴۰۲ھ میں گریجویشن کی اور وہیں پر لیکچرار منتخب ہوئے، پھر آپ مکہ مکرمہ منتقل ہوگئے اور جامعہ ام القریٰ میں تدریس کا آغاز کیا، وہیں پر آپ نے ۱۴۰۶ھ میں ایم اے کیا اور ۱۴۱۲ھ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ اساتذہ کرام: ۱۔ علامہ عبدالعزیز بن عبداﷲ السبیل رحمہ اللہ ۔