کتاب: خطبات حرمین(جلد1) - صفحہ 37
سوانح ائمہ و خطبائِ حرم (مکہ مکرمہ) خطباتِ حرمین شریفین کے سلسلہ میں خطباتِ مکہ مکرمہ کی اس جلدِ اول میں جن آئمہ و خطباء کرام کے خطباتِ جمعہ شامل ہیں ،یہاں پر صرف انکی حیات و خدمات کا مختصر تذکرہ پیشِ خدمت کر رہے ہیں : (1) فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس حفظہ اللہ نام و نسب اور ولادت: ابو عبد العزیز عبد الرحمن بن عبدالعزیز بن عبداﷲ بن محمد بن عبدالعزیز بن محمد بن عبداﷲ السدیس۔ آپ معروف عربی قبیلہ عنزہ سے تعلق رکھتے ہیں۔ ۱۳۸۲ھ میں ریاض شہر میں آپ کی ولادتِ با سعادت ہوئی۔ حصولِ تعلیم: ریاض شہر میں آپ نے مختلف مدارس میں ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد کلیۃ الشریعہ ریاض سے ۱۴۰۳ھ میں گریجویشن کی۔ ۱۴۰۸ھ میں آپ نے جامعہ امام محمد بن سعود الاسلامیہ سے ایم اے کیا اور ۱۴۱۶ھ میں آپ نے جامعہ ام القریٰ مکہ مکرمہ سے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی۔ اساتذہ کرام: ۱۔ سماحۃ الشیخ علامہ عبد العزیز بن عبداﷲ بن باز رحمہ اللہ ۔ ۲۔ علامہ عبد الرزاق عفیفی رحمہ اللہ ۔ ۳۔ فضیلۃ الشیخ صالح بن فوزان الفوزان حفظہ اللہ ۔ ۴۔ الشیخ عبدالرحمن بن ناصر البراک۔ ۵۔ علامہ عبد العزیز بن عبداﷲ الراجحی۔