کتاب: خطبات حرمین(جلد1) - صفحہ 126
’’طاقتور مومن اﷲ تعالیٰ کو کمزور مومن سے زیادہ بہتر اور محبوب لگتا ہے، اور ہر ایک میں بھلائی ہے۔‘‘ قرآن کریم میں ہے: { وَ اَعِدُّوْا لَھُمْ مَّا اسْتَطَعْتُمْ مِّنْ قُوَّۃٍ } [الأنفال: ۶۰] ’’اور ان کے (مقابلے کے) لیے قوت سے اور گھوڑے باندھنے سے تیاری کرو۔‘‘ کھویا ہوا حق صرف وہی مردان جرأتمند واپس لوٹا سکتے ہیں جن کی حق میں جرأت ان کے حریفوں کی باطل میں جرأت سے کہیں بڑھ کر ہو، اور ان کا اللہ تعالیٰ کی راہ میں قربانی دینے کا جذبہ ان کے دشمن کے خطرات میں کودنے، لوٹ مار مچانے اور حرام کی کمائی کو محفوظ رکھنے کے جذبے سے زیادہ شدید ہو۔ اﷲ تعالیٰ فرماتے ہیں: { اِنَّ اللّٰہَ اشْتَرٰی مِنَ الْمُؤْمِنِیْنَ اَنْفُسَھُمْ وَ اَمْوَالَھُمْ بِاَنَّ لَھُمُ الْجَنَّۃَ یُقَاتِلُوْنَ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ فَیَقْتُلُوْنَ وَ یُقْتَلُوْنَ وَعْدًا عَلَیْہِ حَقًّا فِی التَّوْرٰۃِ وَ الْاِنْجِیْلِ وَ الْقُرْاٰنِ وَ مَنْ اَوْفٰی بِعَھْدِہٖ مِنَ اللّٰہِ فَاسْتَبْشِرُوْا بِبَیْعِکُمُ الَّذِیْ بَایَعْتُمْ بِہٖ وَ ذٰلِکَ ھُوَ الْفَوْزُ الْعَظِیْمُ} [التوبۃ: ۱۱۱] ’’بے شک اﷲ نے مومنوں سے ان کی جانیں اور ان کے اموال خرید لیے ہیں، اس کے بدلے کہ یقینا ان کے لیے جنت ہے، وہ اﷲ کے راستے میں لڑتے ہیں، پس قتل کرتے ہیں اور قتل کیے جاتے ہیں، یہ تورات اور انجیل اور قرآن میں اس کے ذمے پکا وعدہ ہے اور اﷲ سے زیادہ اپنا وعدہ پورا کرنے والا کون ہے؟ تو اپنے اس سودے پر خوب خوش ہو جاؤ جو تم نے اس سے کیا ہے اور یہی بہت بڑی کامیابی ہے۔‘‘ دشمنوں کی سطوت کا راز ۔۔۔ مسلمانوں کی کمزوری: اے امت مسلمہ! دشمنوں کے غلبے اور سطوت کا یہ راز نہیں کہ وہ بہت زیادہ طاقتور ہیں بلکہ اس سے کہیں بڑھ کر اس کا سبب مسلمانوں کی صفوں میں پھیلی ہوئی کمزوری ہے۔ آج ظلم واستبداد، سرکشی اور حق و انصاف کے ترازو میں عدم توازن کی وجہ سے دنیا کو ایک ایسی قوت کی ضرورت ہے جو عدل اور