کتاب: خطبات حرمین(جلد1) - صفحہ 110
’’اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کو جو ہم سے پہلے تھے جمعے سے گمراہ کردیا تو یہودیوں کے لیے ہفتے کا دن مقرر ہوا اور عیسائیوں کے لیے اتوار۔ پھر اللہ تعالیٰ ہمیں لے کر آئے اور ہمیں جمعے کے دن کی راہ سمجھائی۔‘‘ لہٰذا جمعے کا دن تمام دنوں کا سردار ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کو عظیم ترین خصوصیات اور بہت بڑی خوبیوں سے نوازا ہے جو کسی دوسرے دن کے حصے میں نہیں آئیں۔ اﷲ بزرگ و برتر نے اس دن کے فوائد اور فضائل سمیٹنے کے لیے اور اس دن کی مخصوص عبادات میں جلدی کرنے کے لیے بندوں کو دعوت دی ہے۔ اس دن کے فضائل اور خصائص کی طرف اشارہ کرتے ہوئے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (( خیر یوم طلعت علیہ الشمس یوم الجمعۃ، فیہ خلق آدم، وفیہ أدخل الجنۃ، وفیہ أخرج منھا، ولا تقوم الساعۃ إلا في یوم الجمعۃ )) [1] ’’جمعے کا دن وہ بہترین دن ہے جس میں سورج طلوع ہوا، اس دن آدم پیدا ہوئے، اسی دن انھیں جنت میں داخل کیا گیا اور اسی دن انھیں اس سے نکالا گیا، قیامت بھی جمعے کے دن ہی قائم ہوگی۔‘‘ امام احمد اور ابن ماجہ نے حضرت ابو لبابہ بدری سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’یقینا جمعے کا دن تمام دنوں کا سردار اور اللہ تعالیٰ کے ہاں سب سے عظیم ہے، یہ اللہ تعالیٰ کے ہاں عیدالاضحی اور عیدالفطر کے دن سے بھی بہت بڑھ کر ہے، اس کی پانچ خصلتیں ہیں: اس دن میں اللہ تعالیٰ نے حضرت آدم کو پیدا فرمایا، اسی دن ان کو زمین پر اتارا، اور اسی نے انھیں فوت کیا، اس میں ایک ایسی گھڑی ہے جس میں بندہ جو کچھ بھی مانگے اللہ اسے عطا کردیتے ہیں جب تک وہ کوئی حرام چیز نہ مانگے۔ اسی دن قیامت قائم ہوگی۔ ہر مقرب فرشتہ، آسمان، زمین، ہوا، اور سمندر جمعے کے دن سے ڈرتے ہیں۔‘‘[2]
[1] صحیح مسلم، رقم الحدیث (۸۵۴) [2] سنن ابن ماجہ، رقم الحدیث (۱۰۸۴) مسند أحمد (۳/ ۴۳۰)