کتاب: خطبات حرمین(جلد1) - صفحہ 108
پیش بندی کے طور پر جائز دم، مسنون ادعیہ،اذکار اور اوراد کے ذریعے اپنا اور اپنی اولاد کا تحفظ کیجیے۔ یہ مسنون دعائیں انسان کو ایک مضبوط قلعہ اور محفوظ حصار مہیا کرتی ہیں۔ صبح وشام کے اذکار،گھر میں آنے جانے اور سونے کی دعاؤں پر ہمیشگی کریں اور بکثرت سورۃ فاتحہ، آیۃ الکرسی، سورۂ بقرۃ کی آخری آیات، سورۂ اخلاص اور معوذتین(سورۂ ناس اور فلق) کی تلاوت کریں۔ یہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان پر ہمیشگی کرنے والے انسان کا ہر بیماری اور مصیبت سے بچاؤ کرتی ہیں۔ اب یہاں ایک نبوی نسخہ ذکر کیا جا تا ہے جو بہترین علاج اور تحفظ کا ضامن ہے۔ حضرت عبداللہ بن حبیب رضی اللہ عنہ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’صبح اور شام کے وقت تین تین مرتبہ سورت اخلاص، ناس اور فلق کی تلاوت کرو۔ یہ تمھیں ہر چیز سے کفایت کردیں گی۔‘‘[1] حضرت عثمان رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو بندہ بھی ہردن صبح اور شام کے وقت تین مرتبہ یہ دعا پڑھے: (( بسم اللّٰه الذي لا یضر مع اسمہ شيء في الأرض ولا في السماء وھو السمیع العلیم )) [2] ’’اللہ کے نام سے جس کے نام کے ساتھ زمین اور آسمان میں کوئی چیز بھی تکلیف نہیں دے سکتی، اور وہ خوب سننے والا اور بہت جاننے والا ہے۔‘‘ تو اس کو کوئی چیز بھی نقصان نہیں دے گی۔ تما م تعریفات کے لائق اللہ تعالیٰ کی ذات مبارکہ ہے جس نے ہر بیماری کی دوا نازل کی ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو روحانی اور جسمانی بیماریوں سے شفا بخش کر ہم پر احسان عظیم فرمائے۔
[1] حسن۔ سنن أبي داود، رقم الحدیث (۵۰۸۲) سنن الترمذي، رقم الحدیث (۳۵۷۵) [2] صحیح۔ سنن أبي داود، رقم الحدیث (۵۰۸۸) سنن الترمذي، رقم الحدیث (۳۳۸۸)