کتاب: خطبات شہید اسلام علامہ احسان الٰہی ظہیر رحمۃ اللہ علیہ - صفحہ 413
او تیرا گھر اس کے لئے تو قرآن میں کوئی آیت نہیں اتری اور اس گھر کے لئے تو رب نے قرآن میں نازل کیا اَنَّ الْمَسٰجِدَ لِلّٰہِ فَلَا تَدْعُوْا مَعَ اللّٰہِ اَحَدًا مسجد میرا گھر ہے اس گھر میں میرے سوا کسی کا نام جپنا جائز نہیں ہے تیرے گھر کے لئے تو کوئی سند نہیں اتری۔ اس گھر کی تو تجھے غیرت ہے کہ اس گھر پہ کسی غیر مرد کا نام نہیں لکھتا۔ او جس گھر کے لئے سند اتری ہے اس گھر پہ غیر کا نام کیسے لکھتا ہے؟ تیری غیرت کو کیا ہوا ہے؟ ہم نے اگر جگایا ہے تو تیری غیرت کو جگایا ہے ہم نے اگر بیدار کیا ہے تو تیری عزت کو بیدار کیا ہے ہم نے اگر بیدار کیا ہے تو تیری حمیت کو بیدار کیا ہے۔ ہم نے تجھ سے کیا مانگا ہے؟ تجھ کو یہی تو کہا ہے اپنے گھر کے لئے بھی غیرت مند بن رب کے گھر کے لئے بھی غیرت مند بن۔ ہم نے تجھ سے اپنے لئے تو کچھ نہیں مانگا اپنے لئے سوال نہیں کیا اپنے لئے کوئی چیز طلب نہیں کی اور ہم اپنا کیا سنوارتے ہیں؟ یارو!ہم سنوارتے ہیں تو تمہارا سنوارتے ہیں ہم سدھارتے ہیں تو تمہارا سدھارتے ہیں۔ میری بہنو مانگو تو صرف اس سے مانگو جس سے ابراہیم نے مانگا مانگو تو اس سے مانگو جس سے اسحق نے مانگا مانگو تو اس سے مانگو جس سے یعقوب نے مانگا اس سے مانگو جس سے ابراہیم نے بیٹا مانگا رب نے بیٹا عطا کیا اور اس سے مانگو جس سے ابراہیم کے پوتے نے گم شدہ بیٹا مانگا تھا اور کہا تھا إِنَّمَا أَشْكُو بَثِّي وَحُزْنِي إِلَى اللَّـهِ وَأَعْلَمُ مِنَ اللَّـهِ مَا لَا تَعْلَمُونَ اللہ بیٹا ڈھونڈ ڈھونڈ کے تھک گیا ہوں۔ اب تو ڈھونڈنے کی بھی ہمت نہیں رہی۔ کیوں؟ چالیس سال ڈھونڈتے ہوئے ہو گئے ہیں۔ اللہ اس کے غم میں رو رو کے آنکھیں بھی سفید ہو گئی ہیں۔ اب ڈھونڈوں تو کیسے ڈھونڈوں اب تلاش کروں تو کیسے تلاش کروں؟ قَالَ اِنَّمَآ اَشْکُوْا بَثِّیْ وَ حُزْنِیْٓ اِلَی اللّٰہِ وَ اَعْلَمُ مِنْ اللّٰہِ مَا لَا تَعْلَمُوْنَ (سورۃ الیوسف:۸۶)