کتاب: خطبات شہید اسلام علامہ احسان الٰہی ظہیر رحمۃ اللہ علیہ - صفحہ 256
بوڑھا خروج کر سکتا ہے تو جوان نے کیوں نہیں کیا؟ جس دن نبی کائناتصلی اللہ علیہ وسلم کی وفات ہوئی نبی کا انتقال ہوا ہے نبی فوت ہوئے ہیں۔ آج اہل حدیث مولوی بھی پروپیگنڈے سے مرعوب ہو کے کہتے ہیں وصال ہوا ہے۔ یہ کہاں کا لفظ ہے کونسے قرآن میں رسول کی کونسی حدیث میں آیا ہے؟ مداہنت پسندیوں کو چھوڑو لوگوں کی پیشانیوں کو مت دیکھ۔ رب کے قرآن کو دیکھو۔ اِنَّکَ مَیِّتٌ وَّاِنَّہُمْ مَّیِّتُوْنَ (سورۃ زمر:۳۰) میرے نبی تو بھی مرنے والا یہ لوگ بھی مرنے والے ہیں۔ مولوی ڈرتے ہوئے کہتے ہیں وصال ہو گیا ہے۔ اگر اتنا ہی ڈرتے ہو تو ان کی طرح جرات سے کہو جو یہ کہتے ہیں کہ نبی جب فوت ہوئے ۔۔۔۔۔ نہیں نہیں وہ تو فوت کہتے ہی نہیں کہتے ہیں نبی کو جب دفنانے کے لئے چلے تو نبی آنکھیں کھول کے باتیں کر رہا تھا۔(۷) یہ ملا نے لکھا ہے اور ایک نے یہاں تک لکھا کہ معاذ اللہ ثم معاذ اللہ کہ نبی اسی طرح اپنی قبر میں زندہ ہے جس طرح دنیا میں زندہ تھا اور یہی نہیں بلکہ نبی پر اس کی عورتیں پیش کی جاتی ہیں۔ معاذ اللہ ۔ مولوی تیرا دماغ کہاں تک پہنچا ہے؟ تیرے دماغ پہ جنس سوار ہے اور ہم نے اپنی کتاب میں حوالہ دیا۔ بجائے اس بات کے کہ جرات کر کے تردید کرتے کہنے لگے کتاب ضبط کر لو۔ کبھی حق بھی ضبط ہوا ہے اور مردہ پرست وزیر [1]کہنے لگے ضبط ہو گئی۔ ہم نے کہا تیری ضبطی کو ہم مانتے ہی نہیں۔
[1] پنجاب کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ میاں نواز شریف کی طرف اشارہ ہے۔ میاں نواز شریف کے دور وزارت‘ وزارت اعلیٰ اور وزارت عظمی میں درگاہوں اور درباروں پر خاص توجہ دی گئی۔ لاہور میں اسلامیہ ہائی سکول بھاٹی گیٹ کی تاریخی عمارت کو گرا کر مزار علی ہجویری رحمہ اللہ کو وسعت دی گئی۔ چند سال قبل دربار کے بالکل سامنے میلا رام بلڈنگ کو گرا کر پارک بنا دیا گیا۔ جب کہ میلا رام وہ شخص تھا کہ جس نے دربار میں بجلی کی روشنی کا انتظام کیا تھا۔ میاں شریف فیملی بلاشبہ ایک مذہبی فیملی ہے۔ شیخ عبدالقادر جیلانی کے نام پر گیارہویں کے ختم کا اہتمام کیا جاتا تھا۔ اس کے علاوہ ماڈل ٹاؤن اور رائے ونڈ میں باقاعدگی سے محافل میلاد منعقد کی جاتی تھیں۔ شریف فیملی کے نزدیک دین کی یہی تعبیر معتبر ہو گی۔ وہ اسے ہی بدقسمتی سے حقیقی اسلام سمجھتے ہوں گے۔ لیکن افسوس ان لوگوں پر جو ان عقائد و افعال کے حامل لوگوں سے پاکستان میں نفاذ اسلام کی توقعات وابستہ کئے ہوئے تھے۔