کتاب: خطبات شہید اسلام علامہ احسان الٰہی ظہیر رحمۃ اللہ علیہ - صفحہ 21
اسلام کیا ہے ؟
خطبہ مسنونہ کے بعد :
اَعُوْذُ بِاللّٰہِ السَّمِیْعِ الْعَلِیْمِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ. بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ. اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللّٰہِ الْاِسْلَامُ[1] (سورئہ آل عمران-۱۹)
تمام قسم کی تعریفات وحدہ لا شریک خالق کائنات مالک ارض و سما کے لئے ہیں اور لاکھوں کروڑوں درود و سلام ہوں اس ہستی اقدس و مقدس پر جن کا نام نامی اسم گرامی محمد اکرم صلی اللہ علیہ وعلی آلہ و اصحابہ و بارک وسلم ہے۔ وہ ذات مقدسہ مبارکہ مطہرہ کہ رب العزت نے جنہیں رحمت کائنات بنا کر بھیجا اور جن کے ذریعے اہل کائنات کی ہدایت اور راہنمائی کا بندوبست فرمایا۔
حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس کائنات میں اللہ کے آخری پیغمبر آخری نبی اور آخری رسول بنا کر مبعوث کئے گئے اور رب کائنات نے آپ کے ذریعے اہل کائنات کو ان کی ہدایت اور ان کی راہنمائی کے لئے ایک مکمل ضابطہ حیات اورایک مکمل نظام زندگی عطا کر کے بھیجا۔ امام کائنات علیہ الصلو والسلام نے دنیا والوں کے سامنے جو ضابطہ اور جو نظام پیش کیا خداوند عالم نے اسے اپنے کلام مجید کے اندر اسلام سے تعبیر کیا ہے۔ فرمایا
اِنَّ الدِّیْنَ عِنْدَ اللّٰہِ الْاِسْلَامُ
کہ لوگو سرور گرامی حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اس کائنات میں تشریف لے آنے کے بعد اب اللہ کی بارگاہ میں کوئی نظام قابل قبول ہے تو وہ صرف اسلام کا ہے۔
اسلام کسے کہتے ہیں ؟ آج کے خطبہ میں اختصار کے ساتھ اس پر گفتگو ہو گی۔
اسلام عربی زبان کا لفظ ہے اور اس کا لفظی ترجمہ ہے تسلیم کرنا مان لینا۔ اسی سے اسلام لانے والے کو مسلم کہا جاتا ہے۔ عربی زبان میں بنیادی طور پر مسلم کا لفظ اس اونٹ کے
[1] سور آل عمران:۱۹