کتاب: خطبات شہید اسلام علامہ احسان الٰہی ظہیر رحمۃ اللہ علیہ - صفحہ 136
اور پھر جب نبی کائنات صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کی واحدانیت کا اعلان کیا لوگوں کے سامنے اپنی رسالت کو پیش کیا تو سب سے پہلے جس جوان رعنا نے آپ کے دست مبارک پر بیعت کی ان کا نام نامی اسم گرامی صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ ہے۔
جس طرح کہ پچھلے خطبات میں ہم بیان کر چکے ہیں صدیق اکبر کو صرف یہی شرف حاصل نہیں ہوا کہ آپ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ پر سب سے پہلے ایمان لانے والے شخص ہیں۔ بلکہ یہ اعزاز بھی رب کائنات نے صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کو عطا کیا کہ وہ نو صحابی جن کے دسویں آپ ہیں جن کا نام لے کر نبی کائنات صلی اللہ علیہ وسلم نے جنت کی بشارت عطا کی ہے۔ ان میں سے بیشتر وہ لوگ ہیں جنہوں نے حضرت صدیق اکبر رضی اللہ عنہ کی دعوت پر اسلام کو قبول کیا ہے۔ عشرہ و مبشرہ میں سے اکثر لوگوں نے نبی پاک کے دست مبارک پر جو بیعت کی ہے اس میں حضرت صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بہت بڑا دخل ہے۔ بلکہ آپ کی دعوت اور آپ کی مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں ہی وہ اسلام کو قبول کرنے پر آمادہ ہوئے اور انہی میں سے جنہوں نے صدیق اکبر رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی دعوت پر اسلام کو اختیار کیا حضرت عثمان ابن عفان رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شخصیت گرامی بھی ہے۔
نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان لانے کے بعد جناب صدیق اکبر رضی اللہ عنہ نے اپنے دن رات کے تمام کاموں کو سمیٹ کر اپنی زندگی کو صرف نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو عام کرنے میں صرف کر دیا۔ اپنے کاروبار کو اپنے دنیاوی معاملات کو تقریبا ترک کر دیا۔ اپنا سارا وقت یا نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی رفاقت میں صرف کرتے یا اللہ کے قرآن کی تبلیغ اور سرور گرامی کے ارشادات کو لوگوں تک پہنچانے میں آپ کا وقت صرف ہوتا۔ چنانچہ انہی قیمتی لمحات میں آپ نے حضرت عثمان ذو النورین رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو اسلام کے بارے میں اس کے بنیادی اصولوں سے آگاہ کیا۔ سرور کائنات علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیمات ان کے سامنے پیش کیں۔ قرآن کی آیات انہیں پڑھ کر سنائیں اور پھر جناب عثمان ابن عفان رضی اللہ تعالیٰ عنہ جب ان تعلیمات سے اللہ کے فرامین سے قرآن پاک کے احکامات سے پوری طرح آشنا اور متاثر ہو گئے تو ایک دن انہیں لے کر سرور گرامی علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خدمت میں آپہنچے۔ سرور کائنات صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عثمان رضی اللہ عنہ کو اسلام کی دعوت دی۔ عثمان ذوالنورین نے اسلام کی دعوت کو اختیار کیا اور