کتاب: خلفائے رسول ص شخصیت،حالات زندگی،عہد خلافت - صفحہ 487
عثمان رضی اللہ عنہ کی طرف سے صحابہ رضی اللہ عنہم کا دفاع کرنا اور آپ کا انکار
سیّدنا عثمان رضی اللہ عنہ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو اپنے پاس بلایا اور ان سے محاصرہ کرنے والے باغیوں اور ان کی طرف سے قتل کی دھمکی کے سلسلہ میں مشورہ کیا۔ اس موقع پر صحابہ رضی اللہ عنہم کا موقف یہ تھا:
۱۔علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ :
ابن عساکر نے جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی ہے کہ جناب علی رضی اللہ عنہ نے عثمان رضی اللہ عنہ کو پیغام بھیجا کہ ’’میرے ساتھ پانچ سو زرہ پوش موجود ہیں ، آپ مجھے اجازت دیں میں ان لوگوں کو آپ سے مار بھگاؤں گا، آپ نے کوئی ایسا کام نہیں کیا ہے جس سے آپ کا خون حلال ہو۔‘‘
عثمان رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’اللہ آپ کو جزائے خیر عطا فرمائے، میں یہ نہیں چاہتاکہ میری خاطر خون بہایا جائے۔‘‘[1]
۲۔زبیر بن العوام رضی اللہ عنہ :
ابو حبیبہ[2] سے روایت ہے کہ زبیر رضی اللہ عنہ نے مجھے عثمان رضی اللہ عنہ کے پاس بھیجا جب کہ آپ محصور تھے، میں آپ کے پاس گرم دن میں آیا، آپ اس وقت کرسی پر بیٹھے ہوئے تھے اور آپ کے پاس حسن بن علی، ابوہریرہ، عبداللہ ابن عمر، عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہم موجود تھے۔ میں نے آپ کے سامنے عرض کیا: مجھے زبیر بن العوام نے آپ کے پاس بھیجا ہے وہ آپ کو سلام کہہ رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں : ’’میں آپ کی اطاعت میں ہوں ، اور میں نے اپنی بیعت کو نہ بدلا ہے اور نہ توڑا ہے، اگر آپ چاہیں تو میں بھی آپ کے پاس گھر میں آجاؤں اور آپ کے پاس موجود افراد میں شامل ہو جاؤں ، اور اگر چاہیں تو میں اپنے گھر میں رہوں ، مجھ سے بنو عمرو بن عوف نے وعدہ کیا ہے کہ وہ صبح میرے دروازے پر ہوں گے اور پھر میں جو حکم انہیں دوں گا کر گزریں گے۔‘‘
جب عثمان رضی اللہ عنہ نے یہ پیغام سنا تو فرمایا: اللہ اکبر! اللہ کا شکر ہے اس نے میرے بھائی کو محفوظ رکھا۔ ان کو سلام پہنچا دو، پھر ان سے کہو کہ تم مجھے زیادہ محبوب ہو اور اللہ سے مجھے امید ہے کہ وہ تمہارے ذریعے سے اس فتنہ کو دور کر دے۔
جب ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے یہ پیغام پڑھا تو کھڑے ہوئے اور فرمایا: کیا میں تمھیں اس بات کی خبر نہ دے دوں جسے میرے ان دونوں کانوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا ہے؟ لوگوں نے کہا:ضرور بیان کریں ۔ ابوہریرہ رضی اللہ عنہ
[1] تاریخ دمشق ص (۴۰۳)
[2] ابو حبیبہ زبیر بن العوام رضی اللہ عنہ کے غلام ہیں ، زبیر رضی اللہ عنہ سے انہوں نے احادیث روایت کی ہے، اور عثمان رضی اللہ عنہ کے محاصرہ کے وقت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے حدیث سنی ہے۔