کتاب: خلفائے رسول ص شخصیت،حالات زندگی،عہد خلافت - صفحہ 302
سے ہمارے بارے میں صلح کیوں نہیں کر لیتے؟ راوی کا بیان ہے کہ پھر جس طرح باشندگان دمشق نے صلح کی تھی کہ نصف بستی ہماری اور نصف تمہاری ہوگی، زمینوں پر لگان دیں گے اور مالداری و محتاجی کے اعتبار سے ہر فرد پر جزیہ لازم ہوگا، اسی طرح یہاں کے لوگوں نے بھی صلح کر لی۔ ابوعبیدہ رضی اللہ عنہ نے مال غنیمت کا خمس اور فتح کی بشارت کے ساتھ عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کو عمر رضی اللہ عنہ کے پاس بھیج دیا اور چند امراء مثلاً بلال اور مقداد رضی اللہ عنہما کی قیادت میں حمص میں بھاری فوج چھوڑ دی اور عمر رضی اللہ عنہ کو خط کے ذریعہ سے اطلاع بھیجی کہ ہرقل دریائے فرات عبور کر کے جزیرہ بھاگ گیا ہے، کبھی کبھار نظر آتا ہے اور کبھی روپوش رہتا ہے۔ سیدناعمر رضی اللہ عنہ نے جوابی خط میں ابوعبیدہ کو لکھا کہ آگے پیش قدمی نہ کر یں وہیں ٹھہر جائیں ۔[1]
۴۔ معرکہ قنسرین ۱۵ ہجری:
حمص فتح ہو جانے کے بعد ابوعبیدہ رضی اللہ عنہ نے خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کوقنسرین بھیجا۔[2] جب آپ وہاں پہنچے تو وہاں کے اصلی باشندوں اور عرب نصاریٰ نے آپ کے خلاف جنگ کی، خالد بن ولید رضی اللہ عنہ نے سخت جنگ لڑی اور دشمن کے بہت سارے لوگوں کو قتل کیا، جو رومی وہاں بس گئے تھے انہیں جلا وطن کر کے ان کے سردار میناس کو قتل کر دیا۔ باقی رہے جو سیدھے سادھے دیہاتی تو انہوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس لڑائی کے لیے تیار نہ تھے اور نہ لڑائی کے لیے ہماری رائے تھی۔ خالد رضی اللہ عنہ نے ان کی معذرت قبول کر لی اور انہیں قتل کرنے سے رک گئے۔ پھر جب شہر کے اندر گھسے تو مخصوص سرداروں اور شر پسندوں نے ایک قلعہ میں پناہ لے لی۔ خالدؓ نے ان سے کہا کہ اگر تم بادلوں میں بھی روپوش ہو جاؤ تو اللہ تعالیٰ ہمیں تم تک پہنچا دے گا یا تمہیں خود ہمارے پاس حاضر کر دے گا۔ پھر برابر ان کا دائرہ تنگ کرتے گئے اور بالآخر فتح نصیب ہوئی۔ سیّدناعمر کو خالد رضی اللہ عنہما کے اس کارنامے کی خبر ہوئی تو بے ساختہ بول اٹھے ’’اللہ کی رحمت ہو ابوبکر پر، وہ مجھ سے زیادہ مردم شناس تھے، اللہ کی قسم! میں نے کسی بدنیتی اور برے گمان کی وجہ سے خالد کو معزول نہیں کیا ہے، بلکہ مجھے خوف ہوا کہ کہیں لوگ انہی پر بھروسا نہ کر لیں ۔‘‘[3]
۵۔ معرکہ قیساریہ ۱۵ ہجری:
۱۵ ہجری میں عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے معاویہ بن ابو سفیان رضی اللہ عنہما کو قیساریہ[4] کا امیر بنایا اور ان کے نام خط لکھا: حمد وصلاۃ کے بعد! میں تمہیں قیساریہ کا امیر بناتا ہوں ۔ تم وہاں چلے جاؤ اور ان کے بارے میں اللہ سے مدد مانگو، کثرت سے ((لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ الْعَلِیِّ الْعَظِیْم۔))پڑھا کرو اور کہتے رہو: ((اَللّٰہُ رَبُّنَا وَثِقَتُنَا وَجَاؤُنَا ، وَمَوْلَانَا نِعْمَ الْمَوْلٰی وَنِعْمَ الْنَّصِیْرُ۔))اے اللہ! تو ہی ہمارا رب ہے، تجھ پر ہمارا
[1] ترتیب وتہذیب البدایۃ والنہایۃ، ص:۶۲۔
[2] تاریخ الطبری ۴/۴۲۷۔
[3] ترتیب وتہذیب البدایۃ والنہایۃ، ص:۶۳۔
[4] تاریخ الطبری: ۴/۴۳۱۔