کتاب: خلفائے رسول ص شخصیت،حالات زندگی،عہد خلافت - صفحہ 137
۴۷… دور صدیقی میں شریعت الٰہی کے نفاذ کی برکات صحابہ کرام کے غلبہ وتمکین کی شکل میں نمودار ہوئیں ۔ اپنے اور اپنے اہل وعیال پر اللہ کے شعائر کو نافذ و قائم کرنے کے حریص بنے اور شریعت کے نفاذ میں اخلاص سے کام لیا تو اللہ تعالیٰ نے ان کو قوت وطاقت بخشی، مرتدین پر ان کو فتح نصیب فرمائی اور امن واستقرار عطا فرمایا۔ ۴۸… حروب ارتداد میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے جو جہاد کیا یہ اللہ کی طرف سے آئندہ اسلامی فتوحات کی تیاری تھی۔ اس دوران میں پرچم ممتاز ہوئے، قدرتیں اور صلاحیتیں نمودار ہوئیں ، طاقتیں ابھریں ، جنگی قیادتوں کا انکشاف ہوا، قائدین نے انواع واقسام کے جنگی اسلوب اور منصوبے وضع کیے، سچی، مطیع و فرمانبردار، منضبط اور بیدار مغز عسکریت کی صلاحیتیں نمودار ہوئیں ، جن کے سامنے قتال کے مقاصد و اہداف عیاں تھے اپنی کوششوں اور قربانیوں کا مقصد انھیں معلوم تھا، اسی لیے کار کردگی ممتاز رہی اور فدائیت عظیم رہی۔ ۴۹… جزیرئہ عرب اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ اللہ کے فضل و کرم اور پھر صدیق رضی اللہ عنہ کے ساتھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے جہاد سے پرچم اسلام کے نیچے متحد ہوا۔ اسلامی دارالخلافہ مدینہ کو پورے جزیرہ عرب پر کنٹرول حاصل ہوا۔ ایک زعیم و قائد کی قیادت میں ایک اصول و فکر کے تحت پوری امت چلنے لگی، یہ انتصار و غلبہ اسلامی دعوت اور امت کی وحدت کی فتح تھی، جو اختلاف وعصبیت کے عوامل و اسباب پر غلبہ پا کر حاصل ہوئی اور یہ اس بات کی دلیل و برہان تھی کہ ابوبکر رضی اللہ عنہ کی قیادت انتہائی شدید بحران و مشکلات پر غلبہ حاصل کرنے پر قادر تھی۔ ۵۰… تاریخی واقعات نے یہ ثابت کر دیا کہ دین اسلام کے خلاف تمرد وعصیان کی ہر کوشش خواہ فرد کی طرف سے ہو یا جماعت کی طرف سے یا حکومت وسلطنت کی طرف سے، اسے بری طرح ناکامی کا منہ دیکھنا ہوگا۔ کیونکہ یہ تمرد وعصیان اللہ کے حکم (قرآن) کے خلاف تمرد وعصیان ہے جس کی حفاظت اور اس پر قائم رہنے والی جماعت کی حفاظت کی ذمہ داری خود رب العالمین نے لے رکھی ہے۔ ۵۱… جوں ہی ارتداد کی جنگ ختم ہوئی اور جزیرہ عرب میں استقرار آیا، ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے فتوحات کے منصوبے کی تنفیذ شروع کر دی، جن کی پلاننگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تیار کی تھی۔ چنانچہ آپ نے شام وعراق کو فتح کرنے کے لیے لشکر تیار کر کے روانہ کیا۔ ۵۲… فتح عراق کے قائدین خالد وعیاض رضی اللہ عنہما کو جو تعلیمات اور اوامر ابوبکر رضی اللہ عنہ نے جاری کیے وہ ترقی یافتہ فوجی حکیمانہ شعور پر دلالت کرتے ہیں ، جن کے آپ مالک تھے۔ آپ نے مختلف حکیمانہ اور ٹیکنیکل عسکری تعلیمات دیں ، دونوں مسلم قائدین کے لیے عراق میں داخلہ کے جغرافیائی حدود اور علاقوں کی تحدید فرمائی گویا کہ آپ خود حجاز میں مرکز قیادت (آپریشن روم) سے جنگ کی قیادت فرما رہے ہیں اور آپ کے سامنے عراق کا مکمل نقشہ (Map) پوری تفصیل کے ساتھ موجود ہے۔ ۵۳… خالد رضی اللہ عنہ نے عراق میں متعدد معرکے سر کیے جو فتح عراق کا سبب بنے، جیسے معرکہ ذات السلاسل،