کتاب: خلفائے رسول ص شخصیت،حالات زندگی،عہد خلافت - صفحہ 130
۷… دعوت الی اللہ کے سلسلہ میں ابوبکر رضی اللہ عنہ کی جدوجہد اس دین پر ایمان اور اللہ و رسول کی فرمانبرداری کی وہ تصویر پیش کرتی ہے جو ایک مومن صادق کی تصویر ہوتی ہے جس کو اس وقت تک قرار و سکون نہیں آتا جب تک لوگوں کے درمیان وہ چیز عام نہ ہو جائے جس پر وہ ایمان لایا ہے۔ ۸… ابوبکر رضی اللہ عنہ ابتلاء و آزمائش سے دوچار ہوئے، دین کی خاطر آپ کو اذیت پہنچائی گئی، آپ کے سر پر مٹی ڈالی گئی، مسجد حرام میں جوتوں سے پٹائی ہوئی، یہاں تک کہ چہرے اور ناک کا پتہ نہیں چل رہا تھا، لوگ اٹھا کر گھر لائے۔ ۹… جرأت اور شجاعت ابوبکر رضی اللہ عنہ کی ممتاز صفات میں سے تھے۔ آپ حق کے بارے میں کسی سے خوف نہیں کھاتے تھے، دین حق کی نصرت اور اس پر عمل پیرا ہونے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے دفاع کرنے میں کسی ملامت گر کی ملامت کی پروا نہیں کرتے تھے۔ ۱۰… ستائے ہوئے مسلمانوں کی گردن آزاد کرانے کی پالیسی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ یہ منہج مستضعفین کو تعذیب سے نجات دلانے کے لیے اسلامی قیادت کے تیار کردہ منصوبہ میں شامل کیا گیا۔ آپ نے اسلامی دعوت کو مال اور افراد کے ذریعہ سے قوت بخشی، مسلمان غلام اور لونڈیوں کو خرید کر اللہ واسطے آزاد کر دیتے۔ ۱۱… آپ نے علم انساب کو دعوت الی اللہ کے وسائل کے طور پر استعمال کیا۔ اسی لیے عرب کے بازاروں میں قبائل کو دعوت دیتے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ساتھ رہتے۔ ۱۲… مدینہ کی طرف ہجرت کے موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے رفیق سفر رہے۔ اسلام کی دعوت کے طلوع سے لے کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات تک آپ کا دایاں بازو رہے۔ پوری خاموشی اور گہرائی وگیرائی کے ساتھ سرچشمہ نبوت سے حکمت وایمان، یقین وعزیمت، تقویٰ واخلاص کا جام نوش فرماتے رہے۔ اس صحبت کے نتیجہ میں صلاح وصدیقیت، ذکر وبیدار مغزی، حب و صفائے عزیمت وپختگی کے ثمرات چنے۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد سقیفہ بنی ساعدہ وغیرہ (مثلاً لشکر اسامہ کو روانہ کرنا، حروب ارتداد) میں نمایاں اور قابل قدر مؤقف اختیار کیا۔ آپ نے فاسد کو درست کیا، منہدم کو تعمیر کیا، بکھرے ہوؤں کو جوڑا اور منحرف کو سیدھا کیا۔ ۱۳… ابوبکر رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تمام غزوات میں شریک رہے، کوئی غزوہ آپ سے نہ چھوٹا اور احد کے روز جب سب لوگ بھاگ کھڑے ہوئے تو آپ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ڈٹے رہے اور تبوک کے موقع پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا عظیم پرچم آپ کو عطا کیا۔ ۱۴… ابوبکر رضی اللہ عنہ کی مدنی زندگی دروس و عبر سے بھری ہوئی ہے۔ فہم اسلام اور اس کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں ہمارے لیے زندہ مثال آپ نے چھوڑی ہے۔ آپ کی شخصیت عظیم صفات کے ساتھ ممتاز ہے۔ بہت سی احادیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے آپ کی مدح و تعریف اور دیگر صحابہ پر آپ کی فضیلت و فوقیت