کتاب: خواتین سے متعلق پچاس احادیث - صفحہ 9
کا رجحان بڑھ رہا ہے اور اس راہ کی مصنوعی رکاوٹیں دھیرے دھیرے دور ہورہی ہیں۔بالخصوص پیارے نبی جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی احادیث مبارکہ کے مطالعہ اور ان سے استفادہ کا جذبہ تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔مردوں کے ساتھ خواتین اسلام بھی اس بیداری کا حصہ بن رہی ہیں۔اس لیے علما و دعاۃ نے احادیث نبویہ کے چھوٹے بڑے مجموعوں کا مختلف زبانوں میں ترجمہ کیا اور یہ سلسلہ برابر جاری ہے۔ احادیث نبویہ کے تئیں خواتین امت کی دلچسپی اور توجہ کو مد نظر رکھتے ہوئے مکتبہ الفہیم کے ذمہ داروں نے ایک ایسے مختصر اور جامع حدیثی مجموعے کی تدوین وترتیب کی خواہش کا اظہار کیا جس میں مسلم خواتین کو خصوصیت کے ساتھ مخاطب کیا گیا ہو تاکہ اس کے ذریعہ ان کی تربیت اور ذہن سازی ہوسکے۔ اہل علم سے یہ بات مخفی نہیں کہ امام نووی رحمۃ اللہ علیہ کی مشہور زمانہ کتاب ’’ریاض الصالحین‘‘ احادیث نبویہ کا ایک بہترین گلدستہ ہے جو اپنی مختلف خوبیوں کی وجہ سے ہمیشہ عوام وخواص کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔مشہور عالم دین علامہ حافظ صلاح الدین یوسف حفظہ اللہ نے اس کتاب کو ترجمہ وفوائد کے ساتھ اردو قالب میں ڈھال دیا ہے جس سے اردو داں طبقہ خوب خوب استفادہ کررہا ہے۔راقم نے کتاب اور اس کے ترجمہ کی اہمیت کے پیش نظر یہ مناسب سمجھا کہ مکتبہ الفھیم کے باذوق ذمہ داران کے مطالبہ کی تکمیل اسی کتاب سے انتخاب کے ذریعہ کی جائے۔اس میں وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ کتاب کے مؤلف ومترجم کی محنت کی قدر دانی بھی ہے اور راقم گمنام کے مقابل دو عظیم اور مشہور شخصیتوں کی طرف انتساب سے اس مجموعے کی معنویت اور اہمیت میں بھی اضافہ ہوجائے گا۔ اس انتخاب وترتیب اور تسوید میں توقع سے زیادہ وقت اور محنت صرف کرنا