کتاب: خواتین سے متعلق پچاس احادیث - صفحہ 10
پڑا۔ابتدائی انتخاب اور کمپوزنگ کا کام کئی ماہ پہلے ہوچکا تھا مگر عدیم الفرصتی کی وجہ سے ترتیب،نظر ثانی اور عناوین کی تعیین وغیرہ کا کام ٹلتا رہا۔چند موضوعات اور احادیث کی کمی محسوس ہورہی تھی کیوں کہ ریاض الصالحین میں یہ حدیثیں موجود نہیں تھیں،اور اس کتاب میں ان حدیثوں کا اندراج ضروری معلوم ہورہا تھا،لہذا ان کا انتخاب اور ترجمہ وفوائد کا اضافہ بھی کرنا تھا۔الحمدللہ یہ تمام کام تکمیل کو پہنچے۔مجموعے کے آخر کی(۴)حدیثیں:نمبر(۴۷)سے نمبر(۵۰)تک راقم کے ترجمہ وفوائد پر مشتمل ہیں،بقیہ تمام احادیث اور ان کے ترجمے وفوائد امام نووی اور حافظ صلاح الدین یوسف کے ہیں۔
واضح رہے کہ ہر حدیث کے شروع میں عنوان سے پہلے ’’حدیث نمبر ‘‘لکھ کر جو نمبر درج کیا گیا ہے وہ اس مجموعہ کی حدیثوں کامسلسل نمبر ہے،اور حدیث سے بالکل متصل اس کے شروع میں جو نمبردیا گیا ہے وہ اصل کتاب یعنی ریاض الصالحین کی حدیثوں کا نمبر ہے جسے اس لیے برقرار رکھا گیا ہے کہ عند الضرورۃ اصل کتاب یا اس کے ترجمے کی طرف رجوع کرنے میں آسانی ہو۔اور چوں کہ یہ حدیثیں مختلف مقامات سے منتخب کی گئی ہیں اور پھر ان کو موضوع کے اعتبار سے از سر نو مرتب کیا گیا ہے،اس لیے ان کے اصل نمبرات میں کسی طرح کا تسلسل باقی نہیں رہا۔
اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ اس رسالہ کو مفید عام بنائے،اور اس کے مؤلف،مترجم،مرتب اور ناشر کو ان کی کوششوں کا بہترین صلہ عطا فرمائے۔آمین۔
۱۵/ذی قعدہ ۱۴۳۳ھ اسعد اعظمی
۲/اکتوبر ۲۰۱۲ء جامعہ سلفیہ،بنارس،الہند