کتاب: خواتین اور شاپنگ - صفحہ 8
میں اپنی بہنوں سے معذرت کے ساتھ عرض کروں گا کہ نہ ہی تو میں ان کےخلاف کچھ لکھنا چاہتا ہوں اور نہ ہی ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کاارادہ ہے اور نہ ہی ان کی ترقی میں رکاوٹ بننے کا کوئی پروگرام ہے بلکہ یہ تو ان کے ساتھ محض دینی بنیادوں پر خیر خواہی ہے اور ان کی حفاظت پیش نظر ہے کیونکہ ہر صاحب بصیرت مرد اور عورت اس بات سے آگاہ ہے کہ عورت کی عزت وآبرو، عفت وعصمت ہی اس کا سرمایہ حیات ہے۔ میں اپنی تمام اسلام بہنوں سے یہ امید کرتا ہوں کہ وہ ان گزارشات پر غور بھی کریں گی اور عمل کرنے کی کوشش بھی اور اس کتابچہ کو خواتین میں عام کرنے میں اپنا کردار بھی اداء کریں گی۔ ان شاءاللہ یہ عمل ان کےلیے صدقہ جاریہ ہوگا کیونکہ جو بہنیں بازار میں اپنا قیمتی وقت خواہ مخواہ برباد کرتی ہیں۔ خصوصاً رمضان المبارک کے آخری اور ذوالحجہ کے پہلے بابرکت دس دن، شاید وہ ان لمحات کی قدر پہنچان سکیں۔ ایک اور گزارش بھی کرنا چاہوں گا کہ اگر کسی بہن کے پاس کوئی مزید ایسی بہترین تجویز ہو جو خواتین کی عزت وناموس اور ان کے دین وایمان کو تحفظ دینے میں معاون ثابت ہو کہ جن کو کسی مجبوری یابعض وجوہات کی بنا پر بازار کارخ کرنا پڑتا ہے اور اس کاذکر اس کتابچہ میں نہیں تو وہ ہمیں مکتبہ کے پتہ پر ضرور ارسال فرمائے تاکہ شکریہ کے ساتھ اس تجویز کو کتابچہ میں جگہ دی جاسکے۔ اللہ تعالیٰ ہماری نیک خواہشات اور کوششوں کوقبول فرمائے اور ہمارے لیے ان کو ذخیرہ آخرت بنائے۔ (آمین) محمد اختر صدیق