کتاب: خواتین کے مخصوص مسائل کتاب و سنت کی روشنی میں - صفحہ 8
سے یکسر غافل اور شرعی آداب سے عاری ہیں ۔ اور اپنے آشناؤں کے ساتھ فرار اختیار کرکے والدین، عزیز و اقارب، خاندان، کنبہ، برادری اور معاشرے کے لیے ذلت و رسوائی کا باعث بن رہی ہیں ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ انہیں اسلامی احکامات سے باخبر کیا جائے اور شرعی آداب سے مرصع کرکے ان کی عفت و عصمت کو ایک مقدس قلع میں محفوظ و مامون کردیا جائے۔ اس موضوع پر کئی ایک علمائے دین نے اپنے نوک قلم کو حرکت دی ہے اور عورتوں کے مخصوص مسائل کو صفحہ قرطاس پر منتقل کردیا ہے۔ زیر تبصرہ کتاب عالم عرب کے معروف و مشہور سکالر شیخ صالح بن فوزان الفوزان حفظہ اللہ تعالیٰ ورعاہ کی مرتبہ کردہ ہے اور کتاب کی ثقاہت کے لیے شیخ کا اسم گرامی ہی کافی ہے۔ اور اس عربی کتاب کو اُردو کے قالب میں فضیلۃ الشیخ ڈاکٹر رضاء اللہ مبارکپوری رحمہ اللہ نے ڈھالا ہے اور اس کی تصحیح اور تخریج محترم المقام حافظ حامد محمود الخضری حفظہ اللہ نے اور نظر ثانی مولانا منیر احمد وقار(استاذ الحدیث جامعہ اُم حبیبہؓ للبنات، لاہور) نے کی ہے۔
یہ کتاب عورتوں کے مخصوص مسائل پر ایک نہایت عمدہ مجموعہ ہے جو کتاب و سنت کے دلائل و براہین سے مزین و مرصع ہے۔ شیخ صالح بن فوزان حفظہ اللہ نے لؤ لؤئے متناثرہ اور ازھار منتشرہ کو یک جا کر مسلمہ بیٹی کے لیے ایک گلدستہ تیار کر دیا ہے۔ جس کی خوشبو کی مہک سے وہ اپنے دل و دماغ کو معطر اور اپنے ایمان و ایقان کو جلا بخش سکتی ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ اس دبستان ایمان سے ہر کسی کو کما حقہ فائدہ اٹھانے کی توفیق عطا فرمائے اور نجات کا ذریعہ اور کامیابی کا وسیلہ بنائے۔ اور قیامت والے دن اس کے مؤلف، مترجم، مصح، ناشر منورحسین سپر ا ’’ مدیر سپرا کتب خانہ، حافظ آباد ‘‘ اور اس پر عمل پیرا ہونے والوں کو فوز و فلاح کا زینہ بنائے۔ اس کتاب کو ہر مدرسہ، مکتب، سکول، کالج، یونیورسٹی ، ادارہ، دوکان، کارخانہ و فیکٹری وغیرھا کی زینت ہونا چاہیے۔ آمین یا رب العالمین
کتبہ
ابو الحسن مبشر احمد ربانی عفا اللہ عنہ
سبزہ بازار، لاہور ۵ / ۹/ ۲۰۰۶ء