کتاب: خواتین کے مخصوص مسائل کتاب و سنت کی روشنی میں - صفحہ 142
باب دہم: خواتین کی عزت و ناموس اور عفت و شرافت کو تحفظ فراہم کرنے والے احکام و مسائل عورتوں پر نگاہوں کو نیچا رکھنا اور عفت کی حفاظت واجب ہے: مردوں کی طرح خواتین کو بھی نگاہیں نیچی رکھنے اور عفت کی حفاظت کا حکم دیا گیا ہے۔ ارشادِ ربانی ہے: ﴿قُلْ لِلْمُؤْمِنِیْنَ یَغُضُّوا مِنْ اَبْصَارِہِمْ وَیَحْفَظُوا فُرُوْجَہُمْ ذٰلِکَ اَزْکَی لَہُمْ اِِنَّ اللّٰہَ خَبِیْرٌ بِمَا یَصْنَعُوْنَ وَقُلْ لِلْمُؤْمِنَاتِ یَغْضُضْنَ مِنْ اَبْصَارِہِنَّ وَیَحْفَظْنَ فُرُوْجَہُنَّ ﴾ (النور:۳۰،۳۱) ’’ مسلمان مردوں سے کہو کہ اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی عفت و عصمت کی حفاظت کریں ، یہی ان کے لیے زیادہ پاکیزگی ہے، لوگ جو کچھ کریں اللہ تعالیٰ سب سے خبردار ہے، مسلمان عورتوں سے کہو کہ وہ بھی اپنی نگاہیں نیچی رکھیں اور اپنی عفت کی حفاظت کریں ۔ ‘‘ استاذِ محترم شیخ امین امین شنقیطی رحمہ اللہ اپنی تفسیر اضواء البیان (۶/ ۱۸۶) میں لکھتے ہیں : ’’ اللہ عزوجل نے مومن مردوں اور مومن عورتوں کو نگاہیں پست رکھنے اور شرمگاہوں کی حفاظت کرنے کا حکم دیا ہے، عفت کی حفاظت میں زنا، لواطت، سحاق (عورتوں کی ہم جنسی) اور بلا ضرورت انہیں لوگوں کے سامنے ظاہر کرنے سے پرہیز کرنا اور محفوظ رکھنا داخل ہے۔ ‘‘ آگے مزید فرماتے ہیں :