کتاب: خواتین کے مخصوص مسائل کتاب و سنت کی روشنی میں - صفحہ 109
لے گی۔ یہی سیّدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما ، امام شافعی، اسحاق اور ابو ثور (رحمہم اللہ) کا بھی قول ہے۔ امام ابو داؤد رحمہ اللہ فرماتے ہیں :
’’ میں نے امام احمد رحمہ اللہ سے سنا ہے آپ سے ایک ایسی عورت کے متعلق سوال کیا گیا جو اپنے تمام بالوں سے قصر کرتی ہو؟ آپ نے جواب دیا: ہاں ! تمام بالوں کو سر کے اگلے حصہ پر اکٹھا کرکے ان کے سرے سے ایک انگلی کے برابر کاٹ لے گی۔ ‘‘
امام نووی رحمہ اللہ المجموع (۸/ ۱۵۰، ۱۵۴) میں لکھتے ہیں :
’’ علماء کا اس پر اجماع ہے کہ خواتین کو حلق (بال منڈوانے) کا حکم نہیں دیا جائے گا، بلکہ ان کو تقصیر (چھوٹا) کرانا ہے، اس لیے کہ حلق ان کے حق میں بدعت اور مثلہ ہے۔ ‘‘
عورت احرام سے کب حلال ہوگی:
جمرہ عقبہ کو کنکری مارنے اور بالوں کی تقصیر کرانے کے بعد عورت اپنے احرام سے حلال ہوجاتی ہے، احرام کی وجہ سے جو چیزیں اس پر حرام تھیں ، سب حلال ہوجائیں گی البتہ وہ شوہر کے لیے حلال نہیں ہوگی۔ طواف افاضہ (زیارت) سے پہلے شوہر کو بیوی سے ہم بستری کی اجازت نہیں ہے اور عورت اپنے شوہر کو طواف زیارت سے پہلے اس کی اجازت بھی نہیں دے سکتی۔ اگر اس درمیان شوہر نے اس سے صحبت کرلی تو اس پر فدیہ واجب ہوجائے گا، یعنی مکہ میں ایک بکری ذبح کرکے اس کے گوشت کو حرم کے فقراء و مساکین پر تقسیم کرنا پڑے گا، کیونکہ شوہر نے حلال اول کے بعد وطی کی ہے۔
حائضہ سے طواف وداع ساقط ہے:
طواف افاضہ (زیارت) کے بعد اگر عورت کو حیض آجائے تو اس کو اجازت ہے جب چاہے سفر کرسکتی ہے۔ طوافِ وداع اس سے ساقط ہوجائے گا۔ دلیل سیّدہ عائشہ