کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 872
اور جاریہ" کے لیے ہے۔بڑے بالغ کا اپنی طرف سے عقیقہ کرنا محتاج دلیل ہے۔اور وہ روایت جس میں ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا عقیقہ کیا تھا،وہ ضعیف اور ناقابل حجت ہے۔ (2) اللہ تعالیٰ کی رضا جوئی اور اشاعت علم کے لیے اسلامی کیسٹیں اور کتابچے خرید کر بطور صدقہ ان لوگوں کو دینا جو انہیں خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے ایک نفع آور عمل ہے۔(محمد بن ابراہیم) سوال:میری والدہ فوت ہو گئی ہے،اور میں اس کی طرف سے عقیقہ کرنا چاہتا ہوں۔میں نے بغداد میں ایک عالم سے پوچھا تھا تو اس نے کہا تھا کہ عقیقہ زندوں کے لیے ہے نہ کہ میت کے لیے۔اس مسئلے میں شرعی حکم کیا ہے؟ جواب:میت کے لیے عقیقہ مشروع نہیں ہے بلکہ بچے بچی کی ولادت پر ساتویں دن مسنون ہے کہ والد اپنے بچے بچی کی طرف سے عقیقہ کرے۔لڑکے کی طرف سے دو بکریاں اور لڑکی کی طرف سے ایک بکری۔گوشت خود کھایا جائے،صدقہ کیا جائے اور ہدیہ دیا جائے۔اگر اقارب اور ہمسایوں کی دعوت کرے تو بھی کوئی حرج نہیں اور باقی صدقہ کر دے۔ اگر آدمی زیادہ غنی نہ ہو اور لڑکے کی طرف سے ایک جانور کر دے تو بھی جائز ہے۔علماء کہتے ہیں کہ اگر ساتویں دن ممکن نہ ہو تو چودھویں دن۔اگر چودھویں دن نہ ہو سکے تو اکیسویں دن کر دے۔اگر یہ بھی ممکن نہ ہو تو جب ممکن ہو۔عقیقہ یہی ہے۔ اور میت کی طرف سے عقیقہ نہیں ہے بلکہ اس کے لیے مغفرت و رحمت کی دعا کی جائے۔اور دعا کرنا سب سے بڑھ کر ہے۔سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "بندہ جب فوت ہو جاتا ہے تو اس کے عمل منقطع ہو جاتے ہیں،سوائے تین کے:صدقہ جاریہ،علم جس سے فائدہ اٹھایا جائے،یا بچہ جو اس کے لیے دعا کرتا ہو۔"[1] آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بچے کا عمل یہ بتایا کہ "وہ اپنے والدین کے لیے دعا کرتا ہو۔" یہ نہیں فرمایا کہ نیک بچہ جو اس کے لیے روزہ رکھتا ہو،یا اس کے لیے نماز پڑھتا ہو،یا اس کی طرف سے صدقہ کرتا ہو،وغیرہ۔" اس سے معلوم ہوا کہ میت کے لیے دعا کرنا،اعمال ہدیہ کرنے وغیرہ کی نسبت سب سے افضل عمل ہے۔تاہم میت کے لیے کوئی عمل صالح ہدیہ کرنا۔مثلا صدقہ کرنا،اس کے لیے دو رکعت نماز پڑھنا یا قرآن پڑھنا وغیرہ،اس کا میت کو ثواب پہنچتا ہے،اور اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔مگر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کے مطابق دعا کرنا سب سے افضل ہے۔(محمد بن صالح عثیمین)
[1] صحیح مسلم،کتاب الوصیۃ،باب مایلحق الانسان من الثواب بعد وفاتہ،حدیث:1631وسنن ابی داود،کتاب الوصایا،باب فیماجاءفی الصدقۃ عن المیت،حدیث:2880وسنن الترمذی،کتاب الاحکام،باب فی الوقف،حدیث:1376وسنن النسائی،کتاب الوصایا،باب فضل الصدقۃ عن المیت،حدیث:3651۔