کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 844
کرتے ہیں کہ انہوں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے سنا،جبکہ وہ مسجد سے نکل رہے تھے اور مردوں عورتوں کا راستے میں اختلاط ہو گیا تھا،آپ نے عورتوں سے فرمایا:"پیچھے ہٹ جاؤ،تمہارے لیے راستے کے عین درمیان چلنا درست نہیں ہے،راستوں کے اطراف میں ہو کر چلا کرو۔" چنانچہ عورت دیوار کے ساتھ لگ کر چلتی تھی حتیٰ کہ اس کا کپڑا دیوار کے ساتھ اٹک اٹک جاتا تھا۔" [1] اس حدیث سے ثابت ہوا کہ عورتوں کو جب عین راستے کے درمیان چلنے سے اور مردوں کے ساتھ اختلاط سے روک دیا گیا ہے،کیونکہ اس سے معاشرتی فساد جنم لیتا ہے،تو آزادانہ اختلاط اور میل جول کو کیونکر جائز کہا جا سکتا ہے؟ 7: ابوداؤد طیالسی وغیرہ میں ہے،جناب نافع حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جب مسجد بنائی تو اس میں عورتوں کے لیے ایک علیحدہ دروازہ خاص کر دیا اور فرمایا:(لا يلج من هذا الباب من الرجال احد) "اس دروازے سے کوئی مرد نہ گزرے۔" (مسند الطیالسی،ص:251،حدیث:1829۔) تاریخ کبیر بخاری میں حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:(لا تدخلوا المسجد من باب النساء) "مسجد میں آتے ہوئے عورتوں کے دروازے سے مت داخل ہو۔"[2] آپ علیہ السلام نے مسجد میں آنے جانے کے اوقات میں دروازوں میں اختلاط سے منع فرمایا ہے،تاکہ اختلاط کا راستہ ہی بند ہو جائے۔جب مسجد کے دروازوں کا یہ حکم ہے تو باقی مقامات پر بدرجہ اولیٰ منع ہو گا۔ 8: صحیح بخاری میں سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے،بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب نماز سے سلام کہتے تو سلام پورا ہونے پر عورتیں اٹھ کھڑی ہوتیں اور آپ علیہ السلام کچھ دیر اپنی جگہ پر تشریف رکھتے،حتیٰ کہ عورتیں روانہ ہو جاتیں۔پھر جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اٹھتے تو مرد بھی اٹھتے تھے۔[3] اس حدیث سے بھی یہی ثابت ہے کہ نمازوں کے بعد راستوں میں اختلاط منع ہے تو اس کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی منع ہے۔
[1] سنن ابی داود،کتاب الادب،باب فی مشی النساءمع الرجال فی الطریق،حدیث:5272۔المعجم الکبیر للطبرانی:19؍261،حدیث:580۔شعب الایمان للبیھقی:6؍173،حدیث:7822۔الکنی للبخاری،ص:55،(مختصرا)۔ [2] التاریخ الکبیر للبخاری:1؍60وسنن ابی داود،کتاب الصلاۃ،باب فی اعتزال النساءفی المساجد عن الرجال،حدیث:464۔ [3] صحیح بخاری،کتاب صفۃ الصلاۃ،باب انتظار الناس قیام الامام العالم،حدیث:828وایضا،باب مایتخیر من الدعاءبعد التشھد ولیس بواجب،حدیث :802وایضا،باب مکث الامام فی مصلاۃبعدالسلام،حدیث:812،ایضا،باب صلاۃ النساء خلف الرجال،حدیث:832۔