کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 84
وہ مخفی شرک ہے،یوں کہ آدمی نماز پڑھنے کے لیے کھڑا ہو اور کوئی اسے دیکھ رہا ہو تو وہ اس وجہ سے اپنی نماز کو مزین اور خوبصورت بنا دے۔"[1]
اور صحیح یہ ہے کہ یہ تیسری قسم نہیں ہے بلکہ شرک اصغر ہی میں سے ہے اور اسے خفی یا مخفی اس لیے کہا گیا ہے کہ اس قسم کی باتیں دل میں آتی ہیں جیسے کہ اس حدیث میں آیا ہے یا کوئی قراءت میں دکھلاوا کرے یا وعظ و تبلیغ میں دکھلاوا کرے یا شہرت وغیرہ کے لیے جہاد کرے،وغیرہ۔
یا اسے خفی اور مخفی اس لیے کہہ دیا گیا کہ بعض لوگوں کے لیے یہ مسائل واضح نہیں ہوتے اور وہ ان کے حکم کے مخفی ہونے کی بنا پر ان کے مرتکب ہو جاتے ہیں،جیسے کہ پیچھے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کی حدیث میں گزرا ہے۔
یا اس طرح سے بھی یہ قسم خفی اور مخفی ہو سکتی ہے حالانکہ یہ شرک اکبر ہے جیسے کہ منافقین کا حال تھا کہ وہ اپنے اعمال محض دکھلاوے کے لیے کرتے تھے اور دلوں میں کفر چھپائے ہوئے تھے اور اسے ظاہر نہ کرتے تھے،جیسے کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
إِنَّ الْمُنَافِقِينَ يُخَادِعُونَ اللّٰهَ وَهُوَ خَادِعُهُمْ وَإِذَا قَامُوا إِلَى الصَّلَاةِ قَامُوا كُسَالَىٰ يُرَاءُونَ النَّاسَ وَلَا يَذْكُرُونَ اللّٰهَ إِلَّا قَلِيلًا﴿١٤٢﴾مُّذَبْذَبِينَ بَيْنَ ذَٰلِكَ لَا إِلَىٰ هَـٰؤُلَاءِ وَلَا إِلَىٰ هَـٰؤُلَاءِ (النساء 4؍143۔144)
"بلاشبہ منافق اللہ کو دھوکہ دینے کی کوشش میں ہیں اور وہ اللہ انہیں ان کے دھوکے کا بدلہ دے گا،یہ لوگ جب نماز کے لیے کھڑے ہوتے ہیں تو بڑی سستی سے کھڑے ہوتے ہیں،لوگوں کے لیے دکھلاوا کرتے ہیں،اور انہیں یاد کرتے اللہ کو مگر تھوڑا،ان دونوں کے درمیان ڈگمگا رہے ہیں نہ ان کی طرف ہیں اور نہ اُن کی طرف۔"
ان لوگوں کے کفر اور ریا کے متعلق بے شمار آیات آئی ہیں۔اللہ تعالیٰ ہر مسلمان کو اس صورت حال سے محفوظ رکھے۔اس تفصیل سے جو بیان ہوئی،معلوم ہوا کہ شرک خفی سابقہ دو قسموں سے خارج نہیں ہے۔یا تو شرک اکبر ہے یا شرک اصغر،اگرچہ اسے خفی یا مخفی کہہ دیا گیا ہے۔اس طرح شرک کی دو قسمیں ہوئیں:شرک جلی (واضح) اور شرک خفی۔
شرک جلی:۔۔مثلا مردوں کو پکارنا،ان سے مدد چاہنا اور ان کے نام کی نذریں ماننا وغیرہ۔
شرک خفی:۔۔جیسے کہ منافقوں کے دلوں میں ہوتا ہے کہ بظاہر تو لوگوں کے ساتھ مل کر نمازیں پڑھتے ہیں،روزے رکھتے ہیں حالانکہ باطن میں کافر ہوتے ہیں،بتوں کی پوجا کو جائز سمجھتے ہیں اور حقیقت میں یہ لوگ مشرکین کے دین ہی پر ہوتے ہیں تو یہ شرک خفی ہے مگر اکبر ہے،کیونکہ دلوں کے اندر کفر چھپا ہوتا ہے اور شرک
[1] مسند احمد بن حنبل:3؍30 حديث 11270 . ضعيف