کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 816
گوشت سے وضو کریں؟" فرمایا:"ہاں،اونٹ کے گوشت سے وضو کرو۔" اس نے کہا:"کیا ہم بکریوں کے باڑے میں نماز پڑھ لیں؟" فرمایا:"ہاں۔" اس نے پوچھا:"کیا ہم اونٹوں کے باڑوں میں نماز پڑھ لیں؟" فرمایا:"نہیں"۔[1] 2۔ دوسری حدیث مسند احمد اور ابوداؤد میں آئی ہے اور حافظ بیہقی وغیرہ نے اس کو صحیح کہا ہے۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اونٹ کے گوشت سے وضو کا پوچھا گیا تو فرمایا:"اس سے وضو کرو۔" پھر بکریوں کے گوشت سے وضو کا پوچھا گیا تو فرمایا:"اس سے وضو کی ضرورت نہیں۔" آپ سے اونٹوں کے باڑوں میں نماز کا پوچھا گیا تو فرمایا:"اس میں نماز نہ پڑھو،بلاشبہ یہ شیطان (صفت) ہوتے ہیں۔" آپ سے بکریوں کے باڑوں میں نماز کا پوچھا گیا،تو فرمایا:"اس میں نماز پڑھ لو،بلاشبہ یہ بابرکت ہوتی ہیں۔"[2] ان دو حدیثوں کی روشنی میں امام احمد،اسحاق بن راہویہ،اہل ظاہر،علمائے شافعیہ میں سے ابن منذر ابن خزیمہ اور بیہقی وغیرہ رحمۃ اللہ علیہم اونٹ کے گوشت سے وضو کرنا لازم کہتے ہیں۔امام بیہقی رحمہ اللہ نے بیان کیا ہے کہ امام شافعی رحمہ اللہ نے کہا ہے کہ اگر اونٹ کے گوشت کے بارے میں حدیث صحیح ہوتی تو میں اس کے بموجب فتویٰ دیتا۔اس پر امام بیہقی رحمہ اللہ نے یہ لکھا ہے:"میں کہتا ہوں کہ اس بارے میں دو حدیثیں صحیح ثابت ہیں۔" امام مالک،ابوحنیفہ،شافعی رحمۃ اللہ علیہم اور جمہور اس طرف گئے ہیں کہ ا ونٹ کا گوشت کھا کر وضو کرنے کی حدیث منسوخ ہے۔ان کے بقول اس کی ناسخ وہ حدیثیں ہیں جن سے آگ سے متاثرہ چیزوں سے وضو کرنے کا حکم منسوخ ہے۔مثلا صحیح مسلم میں سیدہ عائشہ،زید بن ثابت اور ابوہریرہ رضی اللہ عنہم سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:"جس چیز کو آگ نے چھوا ہو اس سے وضو کرو۔" [3] تو ان کے بقول جن احادیث سے یہ حکم منسوخ ہے ان سے اونٹ کے گوشت سے وضو کا حکم بھی منسوخ ہے۔ فریق اول کہتا ہے کہ امام نووی اور شافعی رحمہما اللہ کے بقول اونٹ کے گوشت سے وضو واجب ہونا راجح ہے ان حضرات کے نزدیک جو وضو واجب کہتے ہیں کہ آگ سے متاثرہ چیزوں سے وضو کا حکم عام اور اونٹ کے گوشت سے وضو کا حکم خاص ہے،اور عام کو خاص پر مطلقا بنا کیا جاتا ہے۔لیکن بعض اہل علم نے اسے مطلق نہیں کہا
[1] صحیح مسلم،کتاب الحیض،باب الوضوءمن لحوم الابل،حدیث:360مسند احمد بن حنبل:5؍98،حدیث:20963وصحیح ابن حبان:3؍431،حدیث:1154۔ [2] سنن ابی داود،کتاب الطہارۃ،باب الوضوءمن لحوم الابل،حدیث:184ومسند احمد بن حنبل:4؍288،حدیث:18561۔ [3] صحیح مسلم،کتاب الحیض،باب الوضوءممامست النار،حدیث:351،352،353وسنن ابی داود،کتاب الطہارۃ،باب التشدید فی ذلک،حدیث:195وسنن النسائی،کتاب الطہارۃ،باب الوضوءمماغیرت النار،حدیث:171وسنن ابن ماجہ،کتاب الطہارۃ وسننھا،باب الوضوءمماغیرت النار،حدیث:486۔