کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 80
"کہہ دیجیے کہ میں تمہارے کسی نقصان یا نفع کا اختیار نہیں رکھتا۔کہہ دیجیے مجھے ہرگز ہرگز کوئی اللہ سے نہیں بچا سکتا اور میں ہرگز اس کے سوا کوئی جائے پناہ بھی نہیں پا سکتا۔"
مزید فرمایا:
قُل لَّا أَمْلِكُ لِنَفْسِي نَفْعًا وَلَا ضَرًّا إِلَّا مَا شَاءَ اللّٰهُ ۚ وَلَوْ كُنتُ أَعْلَمُ الْغَيْبَ لَاسْتَكْثَرْتُ مِنَ الْخَيْرِ وَمَا مَسَّنِيَ السُّوءُ ۚ إِنْ أَنَا إِلَّا نَذِيرٌ وَبَشِيرٌ لِّقَوْمٍ يُؤْمِنُونَ﴿١٨٨﴾(الاعراف 7؍188)
"آپ کہہ دیجیے کہ میں اپنی ذات خاص کے لیے کسی نفع کا اختیار نہیں رکھتا اور نہ کسی ضرر کا مگر اتنا ہی کہ جتنا اللہ نے چاہا ہو۔اور اگر میں غیب کی باتیں جانتا ہوتا تو میں بہت منافع حاصل کر لیتا اور کوئی مضرت بھی مجھ پر واقع نہ ہوتی۔میں تو محض ڈرانے والا اور بشارت دینے والا ہوں ان لوگوں کو جو ایمان رکھتے ہیں۔" (محمد بن صالح عثیمین)
شرک اور اس کی اقسام
توحید کی ضد شرک ہے اور اس کی تین مگر حقیقت میں دو ہی قسمیں ہیں،شرک اکبر اور شرک اصغر:
شرک اکبر:۔۔یہ ہے کہ عبادت اللہ تعالیٰ کے علاوہ کسی اور کی کی جائے یا عبادت کا کچھ حصہ غیراللہ کی طرف منتقل کر دیا جائے اور اس میں یہ بھی ہے کہ دین کے وہ لازمی اور معروف اعمال جو اللہ نے فرض اور واجب قرار دئیے ہیں،ان کا انکار کر دیا جائے جیسے کہ نماز اور روزہ رمضان وغیرہ،یا جو باتیں حرام کی ہیں اور ان کا حرام ہونا واضح اور معروف ہے،ان کا انکار کر دیا جائے مثلا زنا یا شراب وغیرہ یا اللہ کی نافرمانی میں مخلوق کی اطاعت کو حلال مانا جائے (اگر کسی وقت سہو اور غفلت سے کسی رئیس،وزیر یا عالم کی کوئی عام سی اطاعت ہو جائے جس میں اللہ کے دین کی مخالفت ہو تو الگ بات ہے)۔
الغرض ہر وہ عمل جس میں غیراللہ کی عبادت ہو،مثلا اولیاء کو پکارنا،ان سے مدد حاصل کرنا،ان کے نام کی نذر ماننا یا اللہ کے حرام کیے ہوئے اعمال کو حلال سمجھنا یا جو واجب کیا ہے اس کا انکار کرنا مثلا یہ کہنا اور سمجھنا کہ نماز فرض نہیں ہے،روزہ واجب نہیں ہے،طاقت ہونے کے باوجود حج واجب نہیں ہے،زکوٰۃ فرض نہیں ہے یا اس قسم کے اور عمل،اور ان کے متعلق یہ کہنا کہ ان کی کوئی شرعی حیثیت نہیں ہے وغیرہ تو سب باتیں کفر اکبر اور شرک اکبر ہیں کیونکہ ان میں اللہ اور اس کے رسول کی تکذیب ہے۔
اور ایسے ہی اگر کوئی اللہ کے حرام کردہ کو حلال جانے جبکہ ان کا حرام ہونا دین میں معروف اور واضح ہو مثلا زنا،شراب،ماں باپ کی نافرمانی،لوٹ مار،اغلام بازی یا سور وغیرہ ایسے امور ہیں کہ ان کا دین میں حرام ہونا