کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 79
قُلْ يَا أَيُّهَا النَّاسُ إِنِّي رَسُولُ اللّٰهِ إِلَيْكُمْ جَمِيعًا الَّذِي لَهُ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۖ لَا إِلَـٰهَ إِلَّا هُوَ يُحْيِي وَيُمِيتُ ۖ فَآمِنُوا بِاللّٰهِ وَرَسُولِهِ النَّبِيِّ الْأُمِّيِّ الَّذِي يُؤْمِنُ بِاللّٰهِ وَكَلِمَاتِهِ وَاتَّبِعُوهُ لَعَلَّكُمْ تَهْتَدُونَ﴿١٥٨﴾(الاعراف 7؍158)
"آپ کہہ دیجیے کہ اے لوگو!میں تم سب کی طرف اس اللہ تعالیٰ کا بھیجا ہوا ہوں جس کی بادشاہی تمام آسمانوں اور زمین میں ہے،اس کے سوا کوئی عبادت کے لائق نہیں،وہی زندگی دیتا ہے اور وہی موت دیتا ہے،سو اللہ تعالیٰ پر ایمان لاؤ اور اس کے نبی اُمی پر جو اللہ تعالیٰ اور اس کے احکام پر ایمان رکھتے ہیں اور اس کی اتباع کرو تاکہ تم راہ پر آ جاؤ۔"
اور فرمایا:
تَبَارَكَ الَّذِي نَزَّلَ الْفُرْقَانَ عَلَىٰ عَبْدِهِ لِيَكُونَ لِلْعَالَمِينَ نَذِيرًا﴿١﴾(الفرقان 25؍1)
"برکت والی ہے وہ ذات جس نے اپنے بندے پر فرقان (قرآن) نازل کیا تاکہ جہان والوں کو ڈرائے۔"
اس شہادت کا لازمی تقاضا ہے کہ انسان ان تمام چیزوں کی تصدیق کرے جن کی آپ نے خبر دی ہے،ان تمام احکام کو قبول کرے جن کا آپ نے حکم دیا ہے اور ان تمام امور سے باز رہے جن سے بچنے کا آپ نے حکم دیا ہے اور اللہ کی عبادت بھی اسی طرح کرے جیسے کہ آپ نے فرمایا ہے۔اور اس شہادت کا یہ تقاضا بھی ہے کہ آپ کے بارے میں (رسالت سے بڑھ کر) اس قسم کا عقیدہ نہ رکھا جائے کہ آپ کو ربوبیت کا کوئی حق حاصل ہے،یا کائنات کے نظام میں آپ کا کوئی دخل ہے،یا عبادت میں آپ کا کوئی استحقاق ہے۔بلکہ اسی قدر عقیدہ رکھا جائے کہ آپ اللہ کے بندے ہیں،عبادت کے مستحق نہیں ہیں،اللہ کے رسول ہیں،اس میں کسی طرح آپ کی تکذیب نہ کی جائے،آپ اپنے لیے یا کسی اور کے لیے کسی نفع یا نقصان کا حق نہیں رکھتے مگر اتنا ہی جو اللہ چاہے۔اللہ تعالیٰ کا ارشاد گرامی ہے:
قُل لَّا أَقُولُ لَكُمْ عِندِي خَزَائِنُ اللّٰهِ وَلَا أَعْلَمُ الْغَيْبَ وَلَا أَقُولُ لَكُمْ إِنِّي مَلَكٌ ۖ إِنْ أَتَّبِعُ إِلَّا مَا يُوحَىٰ إِلَيَّ (الانعام 6؍50)
"اے پیغمبر کہہ دیجیے کہ میں یہ نہیں کہتا کہ میرے پاس اللہ کے خزانے ہیں،نہ میں غیب جانتا ہوں،نہ یہ کہتا ہوں کہ فرشتہ ہوں،میں تو بس اسی کی پیروی کرتا ہوں جس کی مجھے وحی کی جاتی ہے۔"
اور فرمایا:
قُلْ إِنِّي لَا أَمْلِكُ لَكُمْ ضَرًّا وَلَا رَشَدًا﴿٢١﴾قُلْ إِنِّي لَن يُجِيرَنِي مِنَ اللّٰهِ أَحَدٌ وَلَنْ أَجِدَ مِن دُونِهِ مُلْتَحَدًا﴿٢٢﴾(الجن 72؍21۔22)