کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 735
"فرشتے اس گھر میں داخل نہیں ہوتے ہیں جہاں تصویر ہو۔" [1] لہذا مسلمانوں کو ایسے زیور بیچنے،خریدنے اور استعمال کرنے سے اجتناب کرنا واجب ہے۔(محمد بن صالح عثیمین) سوال:سونے کی خریدوفروخت میں چیک کے ساتھ ادائیگی کرنا کیسا ہے؟ بعض لوگ اپنی جان یا مال کی چوری کے ہونے کے ڈر سے رقم پاس نہیں رکھتے اور بذریعہ چیک ادائیگی کرتے ہیں،اور بیع کے وقت ان پر وصول ہو سکتی ہے؟ جواب:سونے کی خریدوفروخت میں چیکوں کے ساتھ ادائیگی کرنا جائز نہیں ہے۔کیونکہ چیک رقم کی وصولی نہیں ہے،بلکہ یہ حوالے کا ایک وثیقہ ہے۔اس کے لیے دلیل یہ ہے کہ اگر بالفرض چیک وصول کرنے والے سے وہ ضائع ہو جائے تو وہ اس چیک دینے والے سے دوبارہ لے سکتا ہے۔جبکہ اگر رقم وصول کر چکا ہو اور وہ اس سے ضائع ہو جائے تو دوبارہ طلب نہیں کر سکتا۔ مزید یوں سمجھیے کہ ایک آدمی نے سونا خریدا اور رقم ادا کر دی،دکاندار سے وہ رقم ضائع ہو گئی تو وہ سونے کے خریدار سے دوبارہ کوئی مطالبہ نہیں کر سکتا۔لیکن اگر اس نے چیک وصول کیا ہو اور وہ بنک جائے مگر چیک ضائع ہو جائے تو خریدار سے وہ رقم کا مطالبہ کر سکتا ہے۔یہ دلیل ہے کہ چیک رقم کی ادائیگی نہیں ہے۔جب یہ رقم کی ادائیگی اور قبض نہیں ہے تو بیع بھی صحیح نہیں ہوئی۔نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے سونے چاندی کی بیع میں یہ ضابطہ دیا ہے کہ یہ نقد و نقد ہاتھوں ہاتھ ہونی چاہیے ۔ ہاں اگر وہ چیک بنک کی طرف سے تصدیق شدہ ہو،اوربنک سے رابطہ کر کے اس کی تصدیق کر لی جائے،اور دکاندار کہے کہ میری یہ رقم اپنے پاس محفوظ رکھیں تو اس میں رخصت ہو سکتی ہے۔واللہ اعلم۔(محمد بن صالح عثیمین) سوال:ایسے لوگوں کے ہاں ملازمت وغیرہ کرنے کا کیا حکم ہے جو سونے کے بیوپار میں بالخصوص سود یا کھوٹ ملاوٹ اور دھوکے وغیرہ سے کام کرتے ہیں جو سراسر غیر شرعی ہوتے ہیں؟ جواب:جو لوگ سود اور دھوکے وغیرہ کا کاروبار کرتے ہیں،جو سراسر حرام ہیں،ان کے ہاں ملازمت اور کام کرنا حرام ہے۔اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے:
[1] صحیح بخاری،کتاب اللباس،باب من کرہ القعود علی الصورۃ،حدیث:5982وصحیح مسلم،کتاب اللباس والزینۃ،باب تحریم تصویر صورۃ الحیوان،حدیث:2106سنن النسائی،کتاب الزینۃ،باب التصاویر،حدیث:5347۔یہ روایت مختلف صحابہ سے مروی ہے۔حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے حضرت ابوطلحہ رضی اللہ عنہ کے واسطے سے بیان کی ہے اور اس میں تصویر کے ساتھ کتے کا بھی ذکر ہے۔صحیح بخاری،کتاب بدءالخلق،باب اذاقال احدکم آمین والملائکۃ۔۔۔۔۔۔وحدیث:3225۔