کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 581
امام مالک اور شافعی رحمہما اللہ نے سیاہ کپڑوں کی اجازت دی ہے،اس لیے کہ سیاہ کپڑے سوگ کا لباس سمجھے جاتے ہیں۔اسی طرح خوشبو بھی صرف ایام سے طہارت کے وقت استعمال کرے تاکہ بو دور ہو جائے۔ احمد اور ابوداود کی ایک روایت میں سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے منقول ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (الْمُتَوفَّى عنها زَوْجُهَا لا تَلْبَسُ الْمُعَصْفَرَ مِنَ الثِّيابِ،وَلا الحُليَّ،وَلا تَخْتَضِبُ،وَلا تَكْتَحِلُ) "جس عورت کا خاوند فوت ہو گیا ہو وہ زعفران سے رنگے کپڑے نہ پہنے،نہ زیور پہنے،نہ مہندی لگائے اور نہ سرمہ۔" [1] عدت کے ایام میں عورت کو کنگھی کی اجازت ہے۔سنن ابی داود میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ام سلمہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا تھا کہ "خوشبو کے ساتھ کنگھی نہیں کرنا اور نہ مہندی لگانا۔مہندی خضاب ہے۔ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے پوچھا کہ کس چیز کے ساتھ کنگھی کروں؟ فرمایا:سدب (درخت کے پتوں) سے،اپنے سر پہ لگا لیا کر۔"[2] اور احادیث سے ثابت ہوا کہ عورت کنگھی کر سکتی ہے،مگر ایسی چیز استعمال نہیں کر سکتی جس میں رنگ ہو۔(محمد بن عبدالمقصود) سوال:ایک لڑکی کا شوہر فوت ہو گیاہے اور اس پر عدت لازم ہے مگر وہ اسکول کی طالبہ ہے،کیا اسے اپنی تعلیم جاری رکھنا درست ہے؟ جواب:جس عورت کا خاوند فوت ہو گیا ہو اس پر واجب ہے کہ عدت گزارے اور اپنے گھر میں چار ماہ دس دن تک سوگ کی کیفیت میں رہے اور رات اسی گھر میں گزارے،اور ایسی تمام کیفیات سے باز رہے جو اسے خوبصورت بنائیں،اس کی طرف دیکھنے کا سبب ہو سکتی ہوں،مثلا خوشبو،سرمہ،خوبصورت لباس اور اپنے بدن کو مزین کرنا وغیرہ۔ اور دن میں کسی لازمی کام کے لیے گھر سے باہر جانا ہو تو جا سکتی ہے۔لہذا یہ طالبہ جس کے متعلق سوال کیا گیا ہے،سکول جا سکتی ہے کیونکہ وہ اسباق پڑھنے اور مسائل سمجھنے کی ضرورت مند ہے،ساتھ ہی اس پر لازم ہے کہ ان امور سے اجتناب کرے جو عدت وفات والی خواتین کے لیے ضروری ہیں،جن کی بنا پر مرد عورتوں کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور جو پیغام نکاح کا باعث ہوتے ہیں۔(مجلس افتاء)
[1] سنن ابی داود،کتاب الطلاق،باب فیماتجتنب المعتدۃ فی عدتھا،حدیث:2304۔اس روایت میں'لاالممشقۃ"کے الفاظ بھی موجود ہیں۔سنن النسائی،کتاب الطلاق،باب ماتجتنب الحارۃمن الثباب المصبغۃ،حدیث:3535ومسند احمد بن حنبل:6؍302،حدیث:26623۔ [2] سنن ابی داود،کتاب الطلاق،باب فیماتجتنب المعتدۃفی عدتھا،حدیث:2305سنن النسائی،کتاب الطلاق،باب الرخصۃ للحارۃان تمتشط بالسدر،حدیث:3537 والمعجم الکبیر للطبرانی:23؍419،حدیث:1013۔حدیث میں السرب نہیں بلکہ السدر کا لفظ ہے۔