کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 413
لیے رعایت ہے۔"[1] اور ایک دوسری روایت میں یہ مضمون آیا ہے کہ نفاس والی حائضہ کی طرح ہے،اس پر طواف وداع نہیں ہے۔(مجلس افتاء) سوال:کیا حائضہ عورت مسجد حرام میں داخل ہو سکتی ہے یا نہیں؟ جواب؛ حائضہ مسجد میں نہیں جا سکتی،سوائے اس کے کہ راہ گزرنے والی ہو،لیکن طواف،تسبیح و تہلیل یا سماع ذکر کے لیے اس کا رکنا جائز نہیں۔اور اگر اثنائے طواف میں اسے محسوس ہو کہ شاید خون آنے لگا ہے،تو وہ طواف میں جاری رہے حتیٰ کہ اسے یقین ہو جائے کہ خون نکل آیا ہے،تب اسے وہاں سے نکل آنا واجب ہے،اور پھر انتظار کرنا چاہیے حتیٰ کہ پاک ہو جائے۔پاک ہونے کے بعد نئے سرے سے طواف شروع کرے۔(محمد بن صالح عثیمین) سوال:کیا صفا مروہ کے درمیان سعی کرنے کی جگہ حرم مسجد کا حصہ ہے؟ کیا حائضہ وہاں رک سکتی ہے؟ اور کیا جو سعی کی جگہ سے مسجد میں داخل ہو وہ تحیۃ المسجد پڑھے؟ جواب:ظاہر یہ ہے کہ سعی کرنے کی جگہ مسجد حرام میں سے نہیں ہے،اسی لیے یہاں درمیان میں فرق کے لیے چھوٹی سی دیوار بنا دی گئی ہے اور اس میں بڑی خیر ہے۔اگر یہ حصہ مسجد سے ملا دیا جاتا تو عورت جسے سعی کے دوران میں یہ عارضہ ہو جائے اسے سعی میں جاری رہنا منع ہوتا۔اسی لیے میں یہ فتویٰ دیا کرتا ہوں کہ اگر کسی خاتون کو طواف کے بعد سعی کے دوران میں یہ عارضہ ہو وہ اسے مکمل کرے،کیونکہ یہ جگہ مسجد کا حصہ نہیں ہے۔اور رہا اس جانب سے مسجد کے اندر جانے پر تحیۃ المسجد کا مسئلہ،تو کہا جا سکتا ہے کہ جو پڑھے بہتر ہے اور جو نہ پڑھے اس پر کوئی حرج نہیں ہوتا،تاہم بہتر یہ ہے کہ اس موقع کو غنیمت جانے اور نماز پڑھ لے،کیونکہ یہاں کی نماز کی بہت بڑی فضیلت ہے۔(محمد بن صالح عثیمین) سوال:جس عورت کو عرفہ کے دن ایام شروع ہو جائیں،وہ کیا کرے؟ جواب:جس عورت کو عرفہ کے روز ایام مخصوصہ شروع ہو جائیں،اسے اعمال حج میں جاری رہنا چاہیے۔ اور وہ کچھ کرے جو حاجی کرتے ہیں۔مگر جب تک پاک نہ ہو،طواف بیت اللہ نہیں کر سکے گی۔[2] (محمد بن صالح عثیمین) سوال:جو عورت اپنے شوہر کی وفات کے باعث عدت کے دنوں میں ہو،کیا وہ حج کے لیے جا سکتی ہے؟ اور اسی
[1] صحیح بخاری،کتاب الحج،باب طواف الوداع،حدیث:1755وصحیح مسلم،کتاب الحج،باب وجوب طواف الوداع،حدیث:1327وصحیح ابن خزیمۃ:4؍327،حدیث:3000۔ [2] جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے کہا تھا۔دیکھیے:صحیح بخاری،کتاب الحیض،باب تقضی الحائض المناسک کلھا الا الطواف بالبیت،حدیث:305وصحیح مسلم،کتاب الحج،باب بیان وجوہ الاحرام وانہ یجوز افراد الحج،حدیث:1211۔