کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 239
عمرو اورابو قتادہ رضی اللہ عنہما سے حل ہوتے ہیں۔[1]ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کی حدیث سے عشاء کا وقت متعین ہوتا ہے کہ آیا اس کا وقت آدھی رات تک ہے جیسے کہ امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ اور اہل ظاہر کہتے ہیں یا نماز فجر تک،جیسے کہ امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ اور جمہور کا قول ہے۔تو اس میں راجح امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کا مذہب یہ ہے کہ عشاء کا وقت آدھی رات تک ہے اور حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما کی حدیث میں یہ بیان ہے کہ نمازوں کے اوقات ایک دوسرے کے اندر داخل نہیں ہیں بلکہ ہر ایک کے مستقبل اور علیحدہ علیحدہ اوقات ہیں۔[2] جانب دوم:۔۔وہ اوقات جن کے متعلق کہا جا سکتا ہے کہ ان اوقات کی ابتدا میں نماز ادا کرنا مستحب ہے۔مگر یہ مجمل اور مطلق صورت ہے،جو صحیحین میں حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کی حدیث میں بیان ہوئی ہے۔کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ "کون سا عمل اللہ عزوجل کو سب سے زیادہ محبوب ہے؟" آپ نے فرمایا: "الصلاة على وقتها " "نماز اپنے وقت پر ادا کرنا۔" جبکہ حاکم کی روایت کے لفظ ہیں: "الصلاة فى اول وقتها " [3] "نماز اپنے اول وقت میں ادا کرنا۔" اور سند اس کی صحیح ہے۔مگر اس عموم سے دو اوقات مستثنیٰ ہیں۔ایک نماز ظہر،جب گرمی سخت ہو تو اسے ٹھنڈا کر کے پڑھا جائے جسے کہ ابراء کہتے ہیں۔صحیحین میں حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "إِذَا اشْتَدَّ الْحَرُّ فَأَبْرِدُوا بِالصَّلاةِ،فَإِنَّ شِدَّةَ الْحَرِّ مِنْ فَيْحِ جَهَنَّمَ " [4]
[1] حضرت عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ کی بیان کردہ روایت صحیح مسلم،کتاب المساجد و مواضع الصلاۃ،باب اوقات الصلوات الخمس،حدیث:612 میں ذکر ہے اور حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کی روایت ان الفاظ کے ساتھ صحیح مسلم میں نہیں ملی،تاہم عشاء کے وقت کا تعین حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کی روایت سے واضح طور پر ہوتا ہے۔ [2] یہ الفاظ مفہومی ہیں حوالہ سابقہ میں مفصل روایت ہے۔صحیح بخاری،کتاب مواقیت الصلاۃ،باب فضل الصلوٰۃ بوقتھا،حدیث:527۔ صحیح مسلم،کتاب الایمان،باب بیان کون الایمان باللہ تعالیٰ افضل الاعمال،حدیث:85 [3] المستدرک للحاکم:1؍188 سنن الترمذی،کتاب الصلاۃ،باب ما جاء فی الوقت الاول من الفضل،حدیث 170 میں الفاظ ہیں "" یہ روایت ام فروہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے اور ابن مسعود رضی اللہ عنہ ہی سے مروی روایت سنن ترمذی میں مذکورہ باب کے تحت 173 نمبر پر موجود ہے۔ اس کے الفاظ ہیں :"الصلاة على مواقيتها "۔) [4] صحیح بخاری،کتاب مواقیت الصلاۃ،باب الابراد بالظھر فی شدۃ الحر،حدیث:533،534۔ صحیح مسلم،کتاب المساجد،باب استحباب الابراد بالظھر فی شدۃ الحر،حدیث:615