کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 233
کسی کی پگڑی میں کوئی نجاست ہو تو وہ اسے فورا اتار سکتا ہے اور اس پر اپنی باقی نماز کی بنا کرے۔لیکن اگر عمل کثیر (بہت زیادہ حرکات) کا مرتکب ہونا پڑتا ہو،مثلا قمیص یا شلوار کا اتارنا وغیرہ تو اسے اپنی نماز توڑ کر،کپڑا تبدیل کر کے نئے سے نماز شروع کرنا ہو گی۔اسی طرح اگر کسی کو یاد آ جائے کہ وہ بے وضو ہے،یا نماز کے دوران میں اس کا وضو ٹوٹ جائے یا ہنس پڑے تو اس طرح نمازی کی نماز باطل ہو جاتی ہے۔(عبداللہ بن جبرین) سوال:ہوائی سفر کے دوران میں بچے سے ماں کے کپڑے پلید ہو گئے،اور اس جگہ کپڑے تبدیل کرنا ناممکن ہے کیونکہ دوسرے کپڑے جو جہاز میں سامان کے حصے میں ہیں،تو کیا اسے انہی نجس کپڑوں میں نماز پڑھ لینی چاہیے ؟ یا پھر وہ انتظار کرے حتیٰ کہ جہاز زمین پر اترے،اور یہ اپنے کپڑے تبدیل کرے تب نماز پڑھے؟ اور اس وقت تک نماز کا وقت نکل چکا ہو گا ۔۔؟ جواب:اس صورت حال میں ماں کو چاہیے کہ نماز کے وقت میں اپنی نماز پڑھے خواہ اس کے کپڑے پلید ہی ہوں،کیونکہ اس وقت یہ مجبور اور معذور ہے۔یہاں کپڑے دھونا یا تبدیل کرنا اس کے لیے ناممکن ہے۔اور پھر اسے یہ نماز دوبارہ دہرانے کی بھی ضرورت نہیں ہے۔اللہ عزوجل کا فرمان ہے: فَاتَّقُوا اللّٰهَ مَا اسْتَطَعْتُمْ (التغابن 64؍16) "اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو،جس قدر تمہیں ہمت اور طاقت ہو۔" (مجلس افتاء) سوال:میں نے نماز پڑھی،نماز سے فارغ ہونے کے بعد مجھے یاد آیا کہ میری تو ہوا خارج ہو چکی تھی ۔۔تو کیا میں نماز دوبارہ پڑھوں ۔۔؟ جواب:ہاں،اس پر علماء کا اجماع ہے کہ جب بندے نے بلا وضو،بلا طہارت نماز پڑھی ہو،خواہ حدث اصغر ہو یا حدث اکبر،تو اس پر فرض ہے کہ اپنی یہ نماز دہرائے جب بھی اسے یاد آئے،اور اس پر علماء کا اجماع ہے۔(محمد بن عبدالمقصود) سوال:جب اجنبی اور غیر محرم موجود ہوں تو عورت نماز کس طرح پڑھے،مثلا جیسے کہ بیت اللہ میں ہوتا ہے،یا سفر کے دوران میں کوئی ایسی مسجد نہیں ہوتی جس میں عورتوں کے لیے جگہ مخصوص ہو ۔۔؟ جواب:عورت پر واجب ہے کہ نماز کے دوران اپنے چہرے اور ہاتھوں کے علاوہ اپنا سارا جسم ڈھانپے اور چھپائے۔لیکن اگر کوئی جگہ ایسی ہو جہاں اجنبی اور غیر محرم بھی موجود ہوں تو اسے اپنے چہرے اور ہاتھوں سمیت سارا جسم چھپا کر نماز پڑھنی چاہیے ۔(مجلس افتاء) سوال:بعض اوقات سیرگاہوں وغیرہ میں میری اہلیہ میرے ساتھ ہوتی ہے،اور میں نماز کی ادائیگی کے لیے مسجد چلا جاتا ہوں اور یہ وہیں نماز پڑھتی ہے،تو کیا اگر اسے کوئی اجنبی نماز پڑھتے دیکھ لے تو اس کی نماز باطل ہو جائے گی ۔۔؟