کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 210
نہیں ہے۔"[1] اس حدیث کی تشریح مطلوب ہے۔کیا اس کا یہ مطلب ہے کہ حائضہ عورت مسجد میں داخل نہیں ہو سکتی اور کوئی کام نہیں کر سکتی۔اللہ آپ کے علم و عمل میں برکت دے۔ جواب:نبی علیہ السلام نے فرمایا کہ "میں حائضہ اور جنبی کے لیے مسجد کو حلال نہیں کرتا ہوں۔" [2] اور اللہ عزوجل کا فرمان ہے: يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا لَا تَقْرَبُوا الصَّلَاةَ وَأَنتُمْ سُكَارَىٰ حَتَّىٰ تَعْلَمُوا مَا تَقُولُونَ وَلَا جُنُبًا إِلَّا عَابِرِي سَبِيلٍ (النساء 4؍43) "اے ایمان والو!جب تم نشے میں مست ہو تو نماز کے قریب بھی نہ جاؤ جب تک کہ اپنی بات کو سمجھنے لگو،اور جنابت کی حالت میں جب تک کہ غسل نہ کر لو،ہاں اگر راہ چلتے گزر جانے والے ہو تو اور بات ہے۔" تو اللہ تعالیٰ نے جنابت والوں میں سے صرف "راہ گزرنے والوں" کو مسجد میں سے جانے کی اجازت دی ہے۔اور یہی حال حائضہ عورت کا ہے،وہ بھی مسجد میں رک نہیں سکتی ہے۔ہاں گزرتے ہوئے ایک دروازے میں سے ہو کر دوسرے دروازے سے نکل جائے،یا کوئی چیز لینے کے لیے اندر جائے اور فورا نکل آئے،مثلا کوئی برتن یا کتاب وغیرہ اٹھانی ہو تو لا سکتی ہے۔اسی مسئلہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا کہ "مجھے مسجد میں سے چٹائی اٹھا دو۔" تو انہوں نے حائضہ ہونے کا عذر کیا،تب آپ نے فرمایا کہ "تیرا حیض تیرے ہاتھ میں نہیں ہے۔"[3] لہذا معنی و مفہوم یہ ہوا کہ ضرورت کی کوئی چیز مسجد کے اندر سے اٹھانی ہو تو حائضہ عورت اندر جا سکتی ہے اور اس میں کوئی حرج نہیں،مگر وہاں بیٹھنا منع ہے۔مذکورہ بالا آیت کریمہ اور حدیث کی روشنی میں اس حد تک رخصت ہے کہ اندر جائے اور چیز لے کر واپس آ جائے۔اور اللہ ہی نیکی کی توفیق دینے والا ہے۔(عبدالعزیز بن باز)
[1] صحیح مسلم،کتاب الحیض،باب جواز غسل الحائض راس زوجھا و ترجیلہ،حدیث:298۔ سنن ابی داؤد،کتاب الطھارۃ،باب فی الحائض تناول من المسجد،حدیث:261۔ سنن الترمذی،ابواب الطھارۃ،باب الحائض تتناول الشیء من المسجد،حدیث:134 [2] سنن ابی داؤد،کتاب الطھارۃ،باب فی الجنب یدخل المسجد،حدیث:232۔ صحیح ابن خزیمۃ:2؍284،حدیث:1327۔ السنن الکبری للبیہقی:2؍442،حدیث:4121 [3] صحیح مسلم،کتاب الحیض،باب جواز غسل الحائض راس زوجھا و ترجیلہ،حدیث:298۔ سنن ابی داؤد،کتاب الطھارۃ،باب فی الحائض تناول من المسجد،حدیث:261۔ سنن الترمذی،ابواب الطھارۃ،باب الحائض تتناول الشیء من المسجد،حدیث:134