کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 177
میں ادا کرے جیسے کہ اسے حکم ہے۔یعنی اگر بغیر کسی اندیشہ یا بیماری کے وہ پانی استعمال کر سکتا ہو تو پانی استعمال کرے ورنہ تیمم کر لے۔لیکن نماز میں تاخیر کر دینا،اس قدر کہ اس کا وقت ہی نکل جائے تو یہ جائز نہیں ہے۔(محمد بن صالح عثیمین)
سوال:آدمی کو جب پانی میسر نہ ہو تو کیا اس کے لیے یہ افضل ہے کہ پانی مل جانے کی امید میں نماز کو مؤخر کر دے یا تیمم کر کے اول وقت میں نماز پڑھ لے؟
جواب:اس بات میں تفصیل ہے:
1:دو صورتوں میں آخر وقت تک نماز کو مؤخر کرنا راجح ہے۔
(الف) ۔۔جب اسے معلوم ہو کہ پانی مل جائے گا،تو افضل یہ ہے کہ نماز کو مؤخر کر دے۔مگر ہم اس کا یہ تاخیر کرنا واجب نہیں کہہ سکتے،کیونکہ اس کا یہ علم کوئی حتمی اور یقینی نہیں ہے،ممکن ہے جو وہ سمجھتا ہے ویسا نہ ہو۔
(ب) ۔۔یا اس کے نزدیک غالب گمان ہو کہ پانی مل جائے گا تو نماز کو مؤخر کر دے۔کیونکہ اس میں نماز کی ایک شرط کی حفاظت ہے،یعنی پانی کے ساتھ وضو کرنا،اور اس کے بالمقابل اول وقت میں نماز پڑھنا محض ایک فضیلت کا کام ہے۔چنانچہ اس صورت میں نماز کو مؤخر کر کے وضو کے ساتھ نماز پڑھنا زیادہ افضل ہے۔
2:تین صورتوں میں نماز کو اول وقت میں پڑھ لینا راجح ہے:
(الف) جب آدمی کو معلوم ہو کہ پانی نہیں ملے گا۔
(ب) یا اسے غالب گمان ہو کہ پانی نہیں ملے گا۔
(ج) یا وہ متردد ہو کہ نہ معلوم پانی ملے گا یا نہیں۔
تو ان حالات میں اول وقت میں نماز پڑھ لینا راجح ہے۔(محمد بن صالح عثیمین)
سوال:مریض کو اگر مٹی نہ ملے تو کیا اسے دیوار پر ہاتھ مار کر تیمم کر لینا جائز ہے اور ایسے ہی فرش پر ۔۔؟
جواب:دیوار بھی "صعید" (یعنی پاک مٹی) ہی ہے۔تو دیوار مٹی کی بنی ہوئی ہو یا پتھر سے یا پختہ اینٹوں سے،اس سے تیمم کر لینا جائز ہے۔لیکن اگر اس پر لکڑی لگا دی گئی ہو یا پینٹ (رنگ) کر دیا گیا ہو،تو ضروری ہے کہ اس پر غبار کا اثر بھی ہو۔تب اس سے تیمم کر لینے میں کوئی حرج نہیں۔اور یہ ایسے ہی ہو گا گویا اس نے زمین (یا مٹی) سے تیمم کیا ہو۔کیونکہ مٹی زمین کا مادہ ہے،تو اگر ان پر غبار نہ ہو تو یہ چیزیں (لکڑی اور رنگ وغیرہ) "صعید" (یعنی مٹی) کی جنس سے نہیں ہیں تو ان سے تیمم بھی جائز نہ ہو گا۔اور یہی حکم فرش کا ہے،یعنی اگر اس پر غبار ہو تو تیمم کر لے ورنہ نہیں،کیونکہ یہ مٹی کی جنس سے نہیں ہے۔(محمد بن صالح عثیمین)
سوال:اگر مریض کے جسم پر کوئی نجاست لگی ہو تو کیا وہ اس کے لیے تیمم کر سکتا ہے؟
جواب:وہ اس کے لیے تیمم نہیں کرسکتا۔مریض کے لیے اگر ممکن ہو کہ وہ اس نجاست کو دھو سکتا ہے تو دھو لے،