کتاب: احکام و مسائل خواتین کا انسائیکلوپیڈیا - صفحہ 15
امت کی بیٹیاں اس کتاب سے خوب فائدہ اٹھائیں
نحمد ونصلی ونسلم علی رسولہ الکریم . اما بعد .
اللہ تبارک و تعالیٰ نے انسانوں کی ہدایت اور راہنمائی کے لیے انبیاء و رسل علیہم الصلاۃ والسلام کا سلسلہ مبارکہ جاری کیا جس کا اختتام ہمارے نبی و رسول سیدنا محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کےساتھ ہوا ۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کی بھر پور اہنمائی فرمائی اور ان کی اصلاح کے لیے دن رات کام کیا۔اور آپ کے طریقہ تعلیم میں یہ بھی تھا کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم آپ سے مختلف مسائل پر سوالات کرتے اور آپ انہیں اللہ کی وحی کی راہنمائی میں جواب عنایت کرتے۔جس طرح قرآن حکیم نے ’’یسئلونک‘‘ کے خوبصورت انداز کا تذکرہ ہے اور قرآن وسنت میں بے شمار مقامات ایسے وارد ہیں جن میں آپ نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے سوالات کے جوابات دیے ہیں۔ جیسا کہ امام ابن القیم رحمہ اللہ نے اس کا ایک مجموعہ ’’اعلام الموقعین ‘‘ میں ذکر فرمایا ہے ۔جس کا اردو ترجمہ بھی طبع ہو چکا ہے ۔
اور جس طرح صحابہ کرام رضی اللہ عنہم آپ سےمسائل پوچھتے تھے اسی طرح خواتین بھی مسائل پوچھتی تھیں کیونکہ شریعت کے احکامات مرد و زن دونوں کے لیے ہیں۔آپ کے بعد انبیاء کےوارث علماء کرام نے یہ سلسلہ جاری رکھا اور ابھی تک جاری ہے ۔زیر نظر کتاب " فتاویٰ المرأة المسلمه "کا اردو ترجمہ بعنوان ’’احکام و مسائل خواتین یعنی خواتین کی بریشانی کا حل ‘‘ خواتین اسلام کے سینکڑوں مسائل پر مشتمل ہے ۔جس میں عرب کے جید شیوخ کے فتاویٰ جات درج ہیں ۔ہمارے محترم المقام فضیلۃ الشیخ عمر فاورق سعیدی صاحب حفظہ اللہ نےاس کو اردو کے قالب میں بڑے بہترین انداز میں ڈھالا ہے اور یہ ترجمہ کی بجائے فضیلۃ الشیخ کی مستقل کتاب معلوم ہوتی ہے ۔مولانا سعیدی صاحب ایک ماہر استاد اور منجھے ہوئے عالم ہیں ۔جنہوں نے دین اسلام کی اشاعت اور خدمت کے لیے مختلف کارہائے نمایاں سرانجام دیے ہیں ۔اللہ تبارک و تعالیٰ ان کی خدمات جلیلہ کو درجہ قبولیت سےنوازے اورنجات اخروی کا باعث بنائے اور امت مسلمہ کی بیٹیوں کو اس فتاویٰ سے کماحقہ فائدہ اٹھانے کی توفیق عنایت کرے اور اسے ناشر۔ قارئین اور دیگر افراد کے لیے ہدایت کا وسیلہ و کفیلہ بنائے۔ آمین ۔
خادم العلم و اہلہ
ابو الحسن مبشر احمد ربانی عفی اللہ عنہ
رئیس مرکز الحسن P؍ 882 سبزہ زار سکیم لاہور