کتاب: خوارج کی حقیقت - صفحہ 9
کتاب: خوارج کی حقیقت مصنف: الشیخ فیصل بن قزار جاسم پبلیشر: مکتبہ الخیر ترجمہ: الشیخ سید توصیف الرحمٰن راشدی عرضِ مترجم دین اسلام مکمل دین ہے، اس میں کسی قسم کی کمی یا بیشی کا امکان ممکن نہیں ہے، چنانچہ جس شخص یا گروہ نے اس میں کمی یا بیشی کی ذرہ سی بھی کوشش کی تو وہ جادۂ حق سے دور ہوتا چلا گیا، ایسے لوگوں کی صفات میں فتنہِ رفض ،خروج اور تکفیر ایسی صفات ہیں جو عہدِ سلف میں ہی رونما ہو گئیں تھیں،اور اسی وقت سے سلف صالحین ان سمیت دیگر تمام فتنوں سے امت کو خبردار کرتے ہوئے چلے آئے ہیں ۔ نیز نظریات کا علاج بات چیت سے شروع ہوتا ہے اور حکومت وقت کی جانب سے بزورِ شمشیر فتنے کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکی جاتی ہے، لیکن بات چیت کے مراحل پھر بھی بند نہیں ہوتے، چنانچہ سلف صالحین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسی مرحلے کو مزید تقویت دینے کی کوشش اس کتاب میں کی گئی ہے، اس کتاب کے مصنف عرب دنیا کے منجھے ہوئے سلفی مؤلف ہیں اور ان کے علم کی پختگی آپ کو اس کتاب کے مباحث پڑھتے ہوئے بھی محسوس ہو گی۔ چونکہ یہ کتاب مختصر بھی ہے اور جامع بھی تو مفادِ عامہ کے لیے اسے اردو زبان میں پیش کیا جا رہا ہے، ترجمہ کرتے ہوئے حتی الوسع کوشش کی گئی ہے کہ عام فہم اور سلیس ہو۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ اس کام کو میرے،میرے والدین اور جملہ معاونین کے لیے باعث اجر و ثواب بنائے۔ آمین راقم الحروف ابو عبد اللہ بن عبدالعزیز الریاض، سعودی عرب شعبان 1438 ھ مئی 2017