کتاب: ختم نبوت - صفحہ 11
’’رسولوں اور ان پر نازل کی گئی کتابوں کا اتباع واجب ہے، اللہ نے رسولوں کا یہ سلسلہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر ختم کر دیا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی بنایا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کتاب کو دوسری کتب سماویہ پر گواہ بنایا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر کتاب و حکمت کا نزول کیا ہے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعوت کو قیامت تک تمام جن و انس کے لئے عام کیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے اللہ نے بندوں کی حجت پوری کر دی، جو اللہ کے ذمہ تھی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے ہر چیز کو بیا ن کردیا ہے۔‘‘
(شرح العقیدۃ الطّحاویۃ، ص 73)
قرآن کریم اور ختم نبوت :
1. اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے :
﴿وَمَآ أَرْسَلْنَاکَ إِلَّا کَآفَّۃً لِّلنَّاسِ بَشِیرًا وَّنَذِیرًا وَّلٰکِنَّ أَکْثَرَ النَّاسِ لَا یَعْلَمُونَ﴾ (سبأ : 28)
’’ ہم نے آپ کو تمام انسانیت کے لئے بشیر ونذیر بنا کر بھیجا ہے، لیکن اکثر لوگ نہیں جانتے ۔‘‘
٭ قاضی عیاض رحمہ اللہ (544ھ) فرماتے ہیں :
إِنَّہٗ أُرْسِلَ کَافَّۃً لِّلنَّاسِ وَأَجْمَعَتِ الْـأُمَّۃُ عَلٰی حَمْلِ ہٰذَا الْکَلَامِ عَلٰی ظَاہِرِہٖ ۔
’’بلاشبہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو تمام انسانوں کے لیے مبعوث کیا گیا۔ امت مسلمہ کا اجماع ہے کہ یہ کلام اپنے ظاہر پر محمول ہے۔‘‘
(الشّفا : 2/271)