کتاب: جنات و جادو کا علاج ( جو آپ خود کر سکتے ہیں ) - صفحہ 6
اسکے معالجین یا عامل حضرات کی غالب اکثریت دوکان دار ٹائپ لوگوں کی ہے جو مال و ایمان دونوں کیلیٔے سخت نقصان دہ ہیں۔ ہماری خواہش ہے کہ لوگ ہمارے اس ریڈیو پروگرام اور پھر اس کتاب میں مذکور ان نورانی دعاؤں اور طبِّ نبوی کی دواؤں کو استعمال کر کے اپنا اور اپنے اعزّاء و اقارب کا علاج خود کریں ۔ اسی طرح بعض لوگ تعویذ گنڈے کرواتے ،دہاگے ،نقش اور دوسری چیزیں لاتے، انھیں باندھتے اور اپنے گھروں اور دوکانوں یا دفتروں میں لٹکاتے پھرتے ہیں ۔وہ بھی ان چیزوں سے جان چُھڑاسکتے ہیں اور ہماری اس کتاب میں درج نورانی دعاؤںاور دواؤں سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔ یہاں اس بات کوبھی ذہن نشین کر لیں کہ قرآنِ کریم اور صحیح احادیثِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت شدہ اذکار اور دعائیں پڑھ کر اور طبِّ نبوی کی بعض دوائیں استعمال کر کے ہر شخص تعویذ گنڈوں، جِنّوں اور جادو کے اثرات سے محفوظ رہ سکتا ہے ۔ اور اگر بد قسمتی سے کوئی ان میں سے کسی کا شکار ہوگیا ہو تو وہ خود یا اسکے اعزّاء و اقارب بھی اِن اذکار و دعاؤں سے اُس کا علاج کر سکتے ہیں ، اور اُسکا جِنّ و جادو نکال سکتے اور تعویذ و گنڈوں یا آسیب و مِرگی کے اثرات زائل کر سکتے ہیں ۔ اس کیلیٔے ’’دوکانداروں ‘‘کے جال میں پھنسنا ضروری نہیں ہے ۔ اَللّٰہُمَّ اشْفِ مَرْضَانَا وَ مَرْضَیٰ الْمُسْلِمِیْنَ ۔ والسلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہٗ ۔ 1424/4/12ھ ابو عدنان محمد منیر قمر نواب الدین 2003/6/12 ء ترجمان سپریم کورٹ ،الخبر وداعیہ متعاون ،مراکزِ دعوت و ارشاد الخبر ،الظہران ،الدمام (سعودی عرب)