کتاب: جنات و جادو کا علاج ( جو آپ خود کر سکتے ہیں ) - صفحہ 19
صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشاد کے مطابق:
’’اُس دن اسے کوئی زہر اور سِحر (جادو )نقصان نہیں پہنچائے گا ۔‘‘ [1]
خاص عجوہ کھجور اَولیٰ ہے ، لیکن اگر وہ نہیں تو مدینہ منورہ کی کوئی بھی کھجور کھا لیں کیونکہ مدینہ منورہ کی ہر کھجور میں یہ تاثیر موجود ہے، جیسا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک دوسری حدیث سے پتہ چلتا ہے ۔[2]
اور علّامہ ابن باز رحمہٗ اللہ لکھتے ہیں :’’ اگر کوئی مدینہ منورہ کے علاوہ مطلقاً کہیں کی بھی سات کھجوریں کھالے تو وہ بھی مفید ہیں ۔‘‘[3]
امام خطّابی فرماتے ہیں کہ عَجوہ نامی کھجور کے سِحر و زہر کے سلسلہ میں سب سے زیادہ بابرکت و مفید ہونے کی خاص وجہ یہ ہے کہ یہ مدینہ منورہ میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے دستِ مبارک سے بوئی گئی تھی ۔[4]
۱۹- نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بعض دیگر تدابیر اور احتیاطیں بھی بتائی ہیں مثلاً آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے :
’’اپنے دروازے بند رکھا کرو ، اپنے کھانے پینے کے برتنوں کے منہ ڈھانپ کر رکھو، اپنے چراغ بجھا کر سویا کرو ، اپنے مشکیزوں [پانی کے برتنوں ] کے منہ بند کر کے رکھا کرو ، شیطان بند دروازے کو نہیں کھولتا ، ڈھکنا نہیں اٹھاتا ، نہ مشکیزوں کا تسمہ کھولتا ہے ، اور چوہیا تو گھر والوں سمیت گھر کو آگ لگادیتی ہے۔‘‘[5]
[1] صحیح بخاری مع الفتح ۱۰؍۳۴۷ ، صحیح مسلم ۳؍۱۶۱۸
[2] صحیح مسلم ۳؍ ۱۶۱۸
[3] بحوالہ العلاج بالرقی من الکتاب و السنہ مع الدعاء للشیخ سعید القحطانی ص : ۸۹
[4] فتح الباری ۱۰؍۲۵۰ ، ماخوذ از فتح الحق المبین و الصارم البتّار و العلاج بالرقی و غیرہ
[5] مسلم،داؤد،ترمذی، مسند احمد ۔صحیح الجامع :۱۰۸۰، ارواء الغلیل للالبانی :۳۹