کتاب: جہاد کے مسائل - صفحہ 93
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی رسول اللہ رضی اللہ عنہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا ’’مجھے کوئی ایسا عمل بتائیے جس کا ثواب جہاد کے برابر ہو؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ’’ایسا تو کوئی عمل نہیں۔‘‘ پھرآپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس آدمی سے سوال کیا ’’کیا تو ایسا کر سکتا ہے کہ جب کوئی مجاہد (جہاد کے لئے ) اپنے گھر سے نکلے تو اپنی مسجد میں داخل ہو جائے اور مسلسل نماز پڑھتا رہے اور بالکل وقفہ نہ کرے اور ساتھ مسلسل روزے بھی رکھے اور کبھی ترک نہ کرے؟‘‘ اس آدمی نے عرض کیا ’’ایسا کون کر سکتا ہے؟‘‘ اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ 50 جہاد کے لئے پالے گئے گھوڑے کا کھانا، پینا،لید اور پیشاب بھی قیامت کے دن نیکیوں کے ترازو میں رکھے جائیں گے۔
عَنْ اَبِیْ ہُرَیْرَۃَرضی اللّٰه عنہ قَالَ : قَالَ النَّبِیُّ صلي اللّٰه عليه وسلم (( مَنِ احْتَبَسَ فَرَسًا فِیْ سَبِیْلِ اللّٰہِ اِیْمَانًا بِاللّٰہِ وَ تَصْدِیْقًا بِوَعْدِہٖ فَاِنَّ شِبَعَہٗ وَ رِیَّہٗ وَ رَوْثَہٗ وَ بَوْلَہٗ فِیْ مِیْزَانِہٖ یَوْمَ الْقِیَامَۃِ )) رَوَاہُ الْبُخَارِیُّ[1]
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’جو شخص اللہ پر ایمان کے ساتھ اور ا س کے وعدوں کو سچا جانتے ہوئے جہاد فی سبیل اللہ کے لئے گھوڑا رکھے تو اس گھوڑے کا کھانا ، پینا اور لیدوپیشاب قیامت کے دن مجاہد کے ترازو میں رکھے جائیں گے۔‘‘ اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔
مسئلہ 51 جہاد میں استعمال ہونے والے گھوڑے خیر و برکت کا باعث ہیں۔
عَنْ عُرْوَۃَ الْبَارِقِیِّ قَالَ : قَالَ رَسُوْلُ اللّٰہِ صلی اللّٰه علیہ وسلم ((اَلْخَیْرُ مَعْقُوْصٌ بِنَوَاصِی الْخَیْلِ)) قَالَ : فَقِیْلَ یَا رَسُوْلَ اللّٰہِ صلي اللّٰه عليه وسلم ! بِمَ ذَاکَ ؟ قَالَ (( اَلْاَجْرُ وَالْمَغْنَمُ اِلٰی یَوْمِ الْقِیَامَۃِ)) رَوَاہُ مُسْلِمٌ[2]
حضرت عروہ بارقی رضی اللہ عنہ کہتے ہیں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ’’بھلائی (جہاد کے) گھوڑوں کی پیشانیوں سے بندھی ہوئی ہے۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا گیا ’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! وہ کیسے؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ’’قیامت کے دن (ان کی وجہ سے مسلمانوں کو آخرت میں) اجرو ثواب ملتا رہے گا اور (دنیا میں ان کی وجہ سے) مالِ غنیمت حاصل ہوتا رہے گا۔‘‘اسے مسلم نے روایت کیا ہے۔
[1] کتاب الجہاد من احتبس فرسا لقولہ عزوجل و من رباط الخیل
[2] کتاب الامارۃ ، باب فضیلۃ الخیل