کتاب: جہاد کے مسائل - صفحہ 18
اندر قحط اور عسرت کا دور دورہ تھا جس کی وجہ سے وسائل کی شدید قلت تھی۔ رابعاً نئے سال کی فصلیں کٹنے کے لئے تیار تھیں ۔جہاد پر روانگی کا مطلب سالانہ پیداوار کے ایک بڑے حصہ کا خسارہ برداشت کرنا تھا چنانچہ اس غزوہ نے بھی منافقین اور مومنین کو چھانٹ چھانٹ کر الگ کردیا۔ منافق رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں حاضر ہوتے اور مخلف حیلوں بہانوں سے رخصت چاہتے۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم انہیں بلا تامل رخصت عنایت فرما دیتے۔ ایک منافق جدبن قیس نے حاضر ہو کر عرض کیا ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !میں ایک حسن پرست آدمی ہوں ، ڈرتا ہوں کہیں رومی عورتوں کو دیکھ کر فتنے میں نہ پڑجاؤں ، لہٰذا مجھے رخصت دے دیں۔‘‘ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے تو رخصت دے دی ، لیکن اللہ تعالیٰنے قرآن مجید میں اس کی منافقانہ بہانہ سازی کا پول کھول دیا۔ ﴿ اَلاَ فِی الْفِتْنَۃِ سَقَطُوْا وَ اِنَّ جَہَنَّمَ لَمُحِیْطَۃٌ بِالْکٰفِرِیْنَ ،﴾ ’’سنو! یہ لوگ (جہاد میں شرکت نہ کرکے) فتنے میں تو پڑ ہی گئے ہیں اور جہنم نے ان کافروں (یعنی منافقوں ) کو گھیر رکھا ہے۔‘‘ (سورہ توبہ، آیت نمبر49) بعض منافقوں نے گرمی کا بہانہ بنایا جس کا جواب اللہ تعالیٰ نے یہ ارشاد فرمایا : ﴿ قُلْ نَارُ جَہَنَّمَ اَشَدُّ حَرًّا لَّوْ کَانُوْا یَفْقَہُوْنَ ،﴾ ’’اے نبی ! ان سے کہو جہنم کی آگ اس سے زیادہ گرم ہے ، کاش ! انہیں اس کا شعور ہوتا۔‘‘ (سورہ توبہ ، آیت نمبر81) بعض منافقوں نے طویل سفر کی صعوبتوں اور تکلیفوں کا اظہار کیا تو اللہ تعالیٰ نے جواب میں ارشاد فرمایا : ﴿ یُہْلِکُوْنَ اَنْفُسَہُمْ وَاللّٰہُ یَعْلَمُ اَنَّہُمْ لَکٰذِبُوْنَ ،﴾ ’’یہ لوگ اپنے آپ کو ہلاکت میں ڈال رہے ہیں اللہ خوب جانتا ہے کہ وہ جھوٹے ہیں۔‘‘ (سورہ توبہ، آیت نمبر42) بعض منافقوں نے مومنین کے انفاق فی سبیل اللہ کا مذاق اڑایا اور تمسخر اڑایا جو زیادہ مال لے کر آتا اس پر ریاکاری کی پھبتی کسی جاتی اور جو کم مال لاتا اس کا یوں مذاق اڑایا جاتا کہ اس فنڈ کے ذریعے روم کے عظیم قلعے فتح کئے جائیں گے ، وغیرہ۔ اللہ تعالیٰ نے منافقین کے اس مذاق اور تمسخر کے جواب میں صرف ایک بات ارشاد فرمائی: ﴿ سَخَرَ اللّٰہُ مِنْہُمْ وَلَہُمْ عَذَابٌ اَلِیْمٌ ،﴾ ’’اللہ مذاق اڑانے والوں کو (دنیا میں ذلیل اور رسوا کرکے) ان کا مذاق اڑاتا ہے اور (آخرت میں) ان کے لئے دردناک عذاب ہے۔‘‘ (سورہ توبہ، آیت نمبر79)