کتاب: جھوٹی بشارتیں - صفحہ 4
حدیث مترجم
الحمد للّٰه رب العالمین والصلاۃ والسلام علی أشرف الأنبیاء والمرسلین،نبینا محمد وعلی آلہ وصحبہ أجمعین۔
اما بعد:
ایک عرصہ سے یہ فضاء چلی ہے کہ لوگوں کو متاثر کرنے یا اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے مختلف قسم کی جھوٹی خبریں و افواہیں اڑائی جاتی ہیں ؛ اور اس طرح سے کمزور ایمان والے مسلمانوں کوامتحان میں ڈالا جاتا ہے۔ اور بسا اوقات دین کی طرف متوجہ کرنے کے لیے ایسے اسلوب اختیار کیے جاتے جن کی اجازت شریعت مطہرہ میں نہیں ہوتی۔
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو ایک واضح راہِ حق پر چھوڑا ہے۔ اس کی رات بھی دن کی طرح روشن ہے۔اب گمراہ وہی انسان ہوسکتا ہے جس کے نصیب میں اللہ تعالیٰ نے ہلاکت و تباہی لکھ دی ہو۔پس کچھ ایسے ہی لوگ ہوتے ہیں جو قرآن وسنت کی صحیح تعلیمات کو چھوڑ کر دین حق کو پانے کے لیے اپنی طرف سے راہیں نکال لیتے ہیں ۔
لیکن دوسری طرف داعیان حق کا یہ کام رہا ہے کہ وہ دین کے دفاع میں اپنا ہر ممکن کردار ادا کریں ۔اور لوگوں کوصحیح اورحق کی راہ دکھائیں ۔
زیر نظر کتاب کچھ ایسے ہی امور پر رد ہے جنہیں لوگوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے لوگوں نے گھڑ کر دین یا صاحب شریعت صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف منسوب کیا ہے۔ان میں شیخ احمد کا خواب اور اس طرح کی دیگر جھوٹی کہانیاں اور بشارتیں شامل ہیں ۔
محترم شیخ شخبوط حفظہ اللہ کو اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے ؛ انہوں نے بڑی محنت سے ان تمام چیزوں کویکجا کرکے ترتیب دیا ۔ اور دار قبس کے مدیر محترم حافظ سلیمان صاحب نے پوری محنت او ردلگی سے اسے شائع کیا۔اب اس کتاب کا اردو ترجمہ اردو دان طبقہ کے لیے پیش کیا جارہا ہے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعاء ہے کہ وہ اسے قبولیت عطافرمائے ‘اور لوگوں کے لیے ایسے گورکھ دھندوں سے نجات کا ذریعہ بنادے۔
وصلی ا للّٰه تعالیٰ علی نبینا محمد و علی آلہ و صحبہ وبارک وسلم تسلیماً کثیراً۔
ابو شرحبیل/پیرزادہ شفیق الرحمن شاہ الدراوی
حال وارد مکہ مکرمہ (۸ جنوری ۲۰۱۳)۔